• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا ویکسین ہر شخص اپنی ذمہ داری پر لگوائے، یاسمین راشد

لاہور(صباح نیوز)وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاہے کہ کورونا ویکسین کے سائیڈ افیکٹس ہیں اس لیے ہر شخص اپنی ذمہ داری پر لگوائے گا، حتمی طور پر نہیں بتایا جا سکتا کہ ویکسین کتنی دیر تک موثر رہتی ہے ۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا مریضوں کی تعداد میں بتدریج کمی آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بدھ سے این سی او سی پورے ملک کو ویکسین فراہم کریگی، پنجاب میں کانٹیکٹ ٹریسنگ باقی صوبوں سے زیادہ ہے، سرکاری اسپتالوں کے ساتھ پرائیویٹ اسپتالوں کے ہیلتھ ورکرز کو بھی مفت ویکسین دی جائیگی، دوسرے مرحلے میں ویکسین پہلے 60 اور پھر 50 سال سے زائد عمر لوگوں کو لگائی جائیگی جبکہ اگلے 4 سے 5 ماہ میں آبادی کے بڑے حصے کو ویکسین لگا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کے سائیڈ ایفکٹس ہیں، کچھ ممالک میں کورونا ویکسین لگانے سے اموات بھی ہوئی ہیں، ہر شخص اپنی ذمہ داری پر ویکسین لگوائے گا۔

تازہ ترین