کراچی(رپورٹ /رفیق بشیر)کمشنر کراچی نویداحمدشیخ نے دودھ کی قیمت میں غیرقانونی اضافے کی شکایات کا سخت نوٹس لے کر مقررہ سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر دودھ بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کئے ہیں ۔کمشنرکراچی کا کہنا ہے کہ مقامی حکومت کی رٹ کو چیلنج نہیں کرنے دیں گے‘ جس گروپ نے دودھ کی قیمت میں اضافے کی گمراہ کن باتیں کی ہیں اس کےخلاف بھی سخت کاروائی کی جائے گی ۔ اگر دودھ فروشوں کے کچھ مسائل ہیں تو وہ ہم سے رابطہ کریں ۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دودھ کی موجودہ خوردہ قیمت پہلے ہی زیادہ ہے ۔کمشنر ہاؤس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ خوردہ قیمت میں کسی قسم کا اضافہ قبول نہیں ہے ۔دریں اثناء دودھ فروشوں کی ایسوسی ایشن کے وفد نے ایڈیشنل کمشنر ساؤتھ جنیداقبال سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر جنید اقبال نے کہا کہ کمشنر کراچی دودھ کی قیمت میں اضافے پر سخت ناراض ہیں اور انہوں نے زائدنرخ پر دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا حکم دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اب جرمانے کے ساتھ جیل کی سزا بھی دی جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دودھ فروشوں کے خلاف سخت آپریشن کرنے کے لئے آج کمشنر ہاؤس میں اجلاس ہوگا۔ادھرکمشنر کراچی کے دفتر سے جاری اعلامیے میں کہا گیاکہ کمشنر نے دودھ فروشوں کوتنبیہ کر نے کے لئے ڈپٹی کمشنرز کو احکامات جاری کر دیئے ہیں‘ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا ہے کہ وہ متعلقہ دودھ فروشوں کے رہنماؤں کے ساتھ اجلاس کریں انہیں آگاہ کریں کہ دودھ کی قیمت میں ازخود اضافہ غیر قانونی ہے‘ دودھ کی قیمت مقرر کر نے کا اختیار کراچی انتظامیہ کا ہے‘ دودھ کی از خود قیمت میں اضافہ کرنے والے دودھ فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔