• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معیاری دودھ کی فراہمی‘بی ایف اے سیفٹی ٹیم کا ڈیری فارمز کا معائنہ

کوئٹہ(خ ن)کوئٹہ میں فروخت کئے جانے والے دودھ کے معیار کی تفصیلی جانچ اور عوام کو معیاری و ملاوٹ سے پاک دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے گزشتہ روز مختلف ڈیری فارمز کا معائنہ کیا ۔اس سلسلے میں بی ایف اے حکام نے رئیسانی روڈ میں قائم ڈیری فارمز میں جانوروں کو دی جانے والی خوراک اور ادویات کا جائزہ لیا جبکہ ڈیریوں سے حاصل و سپلائی کئے جانے والے دودھ کے اعداد و شمار بھی حاصل کئے ۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کا کہنا ہے کہ شہر میں دودھ کی کل پیداوار اور ضرورت کے تعین کے لئے خصوصی سروے کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ اس حوالے سے صحیح اعداد و شمار کا اندازہ لگایا جا سکے ۔ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کے مطابق مشاہدہ میں آیا ہے کہ شہر میں فروخت کئے جانے والے دودھ کی مقدار بڑھانے اور گاڑھا کرنے کے لئے اس میں مبینہ طور پر مختلف کیمیکلز ، پاؤڈر اور پانی کی ملاوٹ کی جاتی ہے جس کے تدارک کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے۔ سروے کے تحت پہلے مرحلے میں کوئٹہ شہر کے تمام ڈیری فارمز سے حاصل و سپلائی کئے جانے والے دودھ جبکہ بعد ازاں مارکیٹ میں فروخت ہونے والے دودھ کی مقدار و معیار کا موازنہ کیا جائے گا ۔ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کہتے ہیں کہ سروے کا بنیادی مقصد عوام کو فروخت کئے جانے والے دودھ کے معیار کی جانچ اور یہ معلوم کرنا ہے کہ دودھ کتنا خالص ہے اور اگر نہیں تو اس میں کن کن اجزاء کی ملاوٹ کی جارہی ہے، دودھ انسانی خوراک کا اہم جزو ہے ،نہ صرف کوئٹہ بلکہ صوبہ بھر میں ملاوٹی دودھ کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جائے گی ،دودھ میں ملاوٹ کے مرتکب پائے جانے والے ڈیری فارمز اور دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تازہ ترین