کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جب تحریک عدم اعتماد پیش ہوگی تو لوگ اُٹھالئے جائیں گے ، میانمار میں دو الزامات پر وزیر اعظم کو نکال دیا ،صرف کووڈ کی خلاف ورزی پر کیسز بن رہے ہیں ،یہاں تو کوئی وزیر ایسا نہیں جو کرپٹ نہ ہو ۔ جمعرات کو احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی و دیگر کیخلاف پی ایس او میں غیرقانونی بھرتیوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ۔ دوران سماعت سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، سابق ایم ڈی پیٹرولیم عمران الحق، سابق ڈپٹی ایم ڈی یعقوب ستار اور دیگر بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔ گواہوں اور وکلاء کی عدم موجودگی کے باعث سماعت ملتوی کردی گئی ۔ عدالت نے ریفرنس کی سماعت 25فروری تک ملتوی کردی۔ نیب کے مطابق ملزمان نے پاکستان اسٹیٹ آئل میں ایم ڈی اور دیگر کی غیر قانونی بھرتیاں کیں،ملزمان کی غیر قانونی بھرتیوں سے قومی خزانے کو 138 ملین کا نقصان پہنچا۔