اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) نے آرڈیننس کے ذریعے سینیٹ الیکشن شو آف ہینڈ سے کرانے کے اقدام کی شدید مخالفت کا فیصلہ کرلیا۔
پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے دوران ملاقات اتفاق کرلیا۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز اور مولانا فضل الرحمٰن کی ملاقات میں کہا گیا کہ آئینی ترمیم کے بغیر سینیٹ الیکشن کا طریقہ کار تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ آرڈیننس کے ذریعے سینیٹ الیکشن شو آف ہینڈ کے ذریعے کرانے کے معاملے پر ضرورت پڑی تو عدالت بھی جائیں گے۔
دوران ملاقات مریم نواز نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں پتا چل جائے گا کہ کون کس کے ساتھ کھڑا ہے، اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد کا آپشن مسترد نہیں کیا۔
ملاقات میں تحریک عدم اعتماد پہلے پنجاب میں لائی جائے یا بلوچستان میں؟، پیپلز پارٹی کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر حکومت مخالف لانگ مارچ کے طریقہ کار اور دورانیے پر بھی گفتگو کی گئی۔
مریم نواز اور مولانا فضل الرحمٰن کی ملاقات میں لانگ ما رچ سے متعلق تمام تجاویز کا اسٹیئرنگ کمیٹی میں جائزہ لے کرحتمی فیصلہ ہوگا۔
اس موقع پر تجویز دی گئی کہ لانگ مارچ اسلام آباد پہنچنے پر پہلا پڑاؤ فیض آباد پر ڈالا جائے۔
اپوزیشن اتحاد کے دو بڑوں کی ملاقات میں سینیٹ الیکشن میں مشترکہ امیدواروں کی کامیابی یقینی بنانے کی حکمت عملی پر گفتگو کی گئی۔