اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل بن چکا ہے، اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے بھارت کو متفقہ سیاسی پیغام دینا انتہائی ناگزیر ہے۔ ہمیں پوری قوت سے بھارت سے مطالبہ کرنا چاہئے کہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات واپس لے، انسانی حقوق کی سنگین ترین پامالیاں بند کرے، اقوام متحدہ اور ’او۔آئی۔سی‘ کے آزاد انسانی حقوق کمیشن کے حقائق معلوم کرنے والے وفود کو مقبوضہ خطے میں جانے کی اجازت دے،گزشتہ روز نیویارک میں منعقدہ جموں وکشمیر پر ’او۔آئی۔سی‘ رابطہ گروپ کے سفراء کے اجلاس سے ویڈیو لنک خطاب کے دوران وزیر خارجہ نے کہا کہ رابطہ گروپ کی نیویارک شاخ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ سمیت دیگر فورمز پر اجاگرکرنے میں نمایاں کردار ادا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام سے یک جہتی میں امت مسلمہ کی مشترکہ موثر آواز تشکیل دینے میں برادر ممالک آزربائیجان، نائیجر، سعودی عرب اور ترکی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔