بھارتی فلموں کے ساؤتھ انڈین اداکار شریواستو چندراسیکر نے پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی سُپر ہٹ فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے ساؤتھ انڈین اداکار چندراسیکر نے خودکشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ساؤتھ انڈین اداکار چندراسیکر نے پھندا لگا کر خودکشی کی، اُن کی پھندا لگی لاش اُن کے اُس گھر سے برآمد ہوئی جسے وہ اپنے کام کے لیے استعمال کرتے تھے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اداکار 3 فروری کو اپنی شوٹنگ کا کہہ کر گھر سے نکلے تھے تاہم کچھ میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ وہ اپنی شوٹنگ کے بجائے اپنے والد کے اُس گھر میں گئے تھے جہاں سے اُن کی لاش برآمد ہوئی۔
دوسری جانب اداکار چندراسیکر کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وہ نفسیاتی مسائل کا شکار تھے اور اس سلسلے میں اُن کا علاج بھی چل رہا تھا تاہم اُن کی خودکشی کی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آئی۔
ساؤتھ انڈین اداکار کی یوں اچانک موت نے اُن کے اہلخانہ سمیت دوست اور عزیز و اقارب کو شدید غم میں مبتلا کردیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 34 سالہ بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے بھی گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کی تھی جبکہ پولیس کا کہنا تھا کہ اداکار ڈپریشن کے مریض تھے اور وہ اپنا علاج بھی کروارہے تھے۔
سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد کئی بھارتی اداکار ڈپریشن کی وجہ سے خودکشی کرچکے ہیں۔