• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بین الصوبائی گیمز، سندھ اور پنجاب آج خواتین فٹ بال گولڈ میڈل کیلئے مدمقابل

کراچی /اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر+ اے پی پی) سوہا ہیرانی کی عمدہ کارکردگی کی بدولت سندھ نے گلگت بلتستان کو شکست دیکر قائداعظم بین الصوبائی ویمنز فٹ بال کے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ فائنل پنجاب اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان منگل کو کھیلا جائے گا۔ اسلام آباد کے جناح فٹ بال اسٹیڈیم میں  سیمی فائنل میں سندھ اور گلگت بلتستان کے درمیان دلچسپ مقابلہ رہا جس کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں سندھ کی ٹیم کھیل پر چھائی رہی اور 25ویں منٹ میں خوبصورت موو پر سوہا ہیرانی نے گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی کامیابی دلوا دی۔ دوسرے سیمی فائنل میں پنجاب اور اسلام آباد کا مقابلہ مقررہ وقت تک بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ پینلٹی ککس پر پنجاب نے اسلام آباد کو 3-2 سے شکست دیکر فائنل میں جگہ حاصل کی۔میگا ایونٹ کے تیسرے روز بھی پنجاب کا دیگر ٹیموں پر پلہ بھاری رہا۔پنجاب کی ٹیموں نے مجموعی طور پر 14میڈلز جیتے جن میں 7گولڈ، 5سلور اور 2برانز میڈلز شامل ہیں۔ہاکی ایونٹ میں اسلام آباد نے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں پہلے سیمی فائنل میں اسلام آباد نے بلوچستان کو 2 -1سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔خیبر پختون خواہ کے اعجاز خان اور برکت اللہ سندھ کے مراد خان اور عقیل شبیر کو شکست مینز ٹینس ٹائٹل کے فائنل میں پہنچ گئے۔ سیمی فائنل میں اعجاز خان کے پی کے نے مراد خان سندھ کو 6-0 اور 6-0  سے جبکہ برکت اللہ خیبر پختون خواہ نے عقیل شبیر سندھ کو 6-0 اور 6-0 سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنائی۔ ایونٹ کے ویمنز سیمی فائنل میں سندھ کی ہاینہ نوید نے پنجاب کی مریم مرزا کو اور سندھ کی ردا خان نے پنجاب کی شیما ناز کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنائی۔ مینز ڈبلز کے سیمی فائنل میں اسلام آباد کے کاشان الحق نے اور ارحم عتیق نے پنجاب کے ایم بلا اور زریاب پیرزادہ کو ہرایا۔ علاوہ ازیں ایتھلیٹکس کے مینز اینڈ ویمنز ڈسکس تھرو ایونٹس میں پنجاب نے طلائی تمغے جیت لئے، 400میٹر ریلے میں پنجاب نے دو گولڈ میڈل حاصل کیے۔ اسلام آباد میں جاری گیمز میں گزشتہ روز  ایتھلیٹکس کے مینز ڈسکس تھرو ایونٹ میں پنجاب کے شاہ نواز نے عمدہ کارکردگی کی بدولت 41.59 میٹر تھرو پھینک کر پہلی پوزیشن حاصل کر کے طلائی تمغہ اپنے نام کیا، پنجاب کے ہی دانش محمود نے چاندی اور فاٹا کے حضران نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا، دوسری جانب ویمنز ڈسکس تھرو ایونٹ میں بھی پنجاب کی ایتھلیٹ چھائی رہیں، پنجاب کی سعدیہ نے 29.93 میٹر تھرو پھینک کر سونے کا تمغہ اپنے نام کیا، پنجاب کی ہی امن نعیم نے چاندی اور آزاد جموں و کشمیر کی طیبہ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ مینز اینڈ ویمنز 4x400 میٹر ریلے میں پنجاب نے دو طلائی تمغے جیت لئے۔  ویمنز ریلے ایونٹ میں تحرین عالم، مرینا، بینش اور بسمعہ پر مشتمل پنجاب کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کی بدولت مقررہ فاصلہ 4.38.90 سیکنڈز میں طے کر کے طلائی تمغہ حاصل کیا، شفق، سلوا، سعدیہ اور الماس پر مشتمل سندھ کی ٹیم نے چاندی اور مریم یاسین، ثانیہ، مریم عامر اور ایمان پر مشتمل بلوچستان کی ٹیم نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ دوسری جانب 4x400میٹر مینز ریلے ایونٹ میں قاسم، فرحان، ناصر اور شفیق پر مشتمل پنجاب کی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ فاصلہ 3.28.86سیکنڈز میں طے کر کے سونے کا تمغہ حاصل کیا، رحمان، سفیر خان، شہزاد علی اور عابد علی پر مشمتل خیبرپختونخوا کی ٹیم نے چاندی اور عبدالمعید، شہباز، عثمان اور سادات علی پر مشتمل سندھ کی ٹیم نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ مردوں کے ایتھلیٹکس کے اسٹیپل چیز 3000 میٹر مقابلوں میں بلوچستان کے محمد عرفان اور 1500میٹر ویمنز ایونٹ میں پنجاب کی تحریم عالم نے طلائی تمغے جیت لئے۔  پنجاب کے داؤد بھٹی نے چاندی اور پنجاب کے ہی عصمت اللہ نیازی نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ دوسری جانب 1500 میٹر ویمنز ایونٹ میں پنجاب کی تحریم عالم نے عمدہ کارکردگی کی بدولت مقررہ فاصلہ 6 منٹ اور 20 سیکنڈز میں طے کر کے سونے کا تمغہ حاصل کیا، پنجاب کی ہی صبا نے چاندی اور گلگت بلتستان کی شبانہ اکرم نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ 
تازہ ترین