اپوزیشن اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہمیں سیاست میں 40 سال ہوگئے ہیں، ہمیں سیاست کی الف، ب اور ج نہ سکھائی جائے، باہر بہت سا پیسہ عمران خان کے ذاتی ملازم کے نام پر آیا۔
حیدر آباد میں پی ڈی ایم جلسے سے خطاب میں مولانا فضل الرحمٰن نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید و طنز کے وار کردیے اور کہا کہ حکمران ناجائز ہیں، چور دروازے سے اقتدار میں آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ان نااہلوں کو نہیں نکالیں گے، اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، ہم پرائمری اسکول کے بچے نہیں، آپ ہمیں الف ب ج نہ پڑھائیں۔
پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ ہم نے کوئی کچی گولیاں نہیں کھیلیں، اگر سیاست سیکھنی ہے تو ہماری شاگردی اختیار کرنی پڑے گی، چوروں کے سردار تم اور نعرے لگاتے ہو کہ دوسرے چور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے الیکشن میں دھاندلی کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے، یہ نہیں ہونے دیں گے، عدالت سے درخواست ہے کہ سینیٹ الیکشن کے معاملے میں اپنے آپ کو فریق نہ بنائے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے یہ بھی کہا کہ عمران حکومت کی بقا پاکستان کے خاتمے کا ذریعہ بن سکتی ہے، عمران خان ملک کے لیے مہلک بیماری بن گئے ہیں۔
انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم نے جتنی باتیں بھی کیں کوئی بھی پوری نہیں کیں، تم مسخرہ بن گئے ہو، آپ ہم سے این آر او مانگ رہے ہو، ہم آپ کو این آر او نہیں دیں گے، تم ہمارا کیا احتساب کرو گے، ابھی تم ہمارے احتساب کے شکنجے میں ہو۔
اپوزیشن اتحاد کے سربراہ نے کہا کہ حکومتیں دھاندلی سے نہیں عوام کے ووٹ سے بنتی ہیں، پی ڈی ایم تحریک اپنی منزل کو پہنچے گی، آزاد جمہوری فضا کوبحال کرنے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم تھکنے والے لوگ نہیں، تحریکیں حوصلے کے ساتھ چلتی ہیں، جب تک ان نااہلوں کو نہیں نکالیں گے اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک قوم کو ووٹ کی امانت واپس نہیں دلائیں گے آرام سے نہیں بیٹھیں گے، 2018 میں منصوبہ بندی کے تحت انتخابی دھاندلی کی گئی، کوویڈ 18 سے جان چھڑانی ہے۔
پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ یہ لوگ سینیٹ الیکشن میں دھاندلی کا منصوبہ بنارہے ہیں، یہ کبھی آئین تو کبھی قانون میں ترمیم کا سوچتے ہیں، ہم نام لکھ کر ووٹ دینے کے حق میں نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جزائر پر مقامی لوگوں کا حق ہے، کسی قیمت پر وفاق کو جزائر پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس، اپوزیشن جماعتوں نے دائر نہیں کیا ان کی اپنی جماعت کے بانی رکن نے دائرکیا، آج اعتراف کیا گیا ہے بیرون ممالک سے بہت سا پیسہ آیا ہے، عمران خان کے ذاتی ملازمین کے نام پر آیا۔
انہون نے کہا کہ حکومت اور نیب کو بےبس کردیں گے، ہم نے اس تحریک کو آگے بڑھانا ہے، 26 مارچ کو پورے پاکستان سے لانگ مارچ کے لیے قافلے راولپنڈی اور اسلام آباد کے روانہ ہوں گے۔