• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ وزیراعظم کا نہیں تو کس کا صوبہ ہے؟ بلاول بھٹو


پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں سندھ ہمارا صوبہ نہیں ہے، اگر یہ پرائم منسٹر کا صوبہ نہیں تو کس کا ہے؟

حیدر آباد میں پی ڈی ایم جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے استفسار کیا کہ کوئی بھی وزیراعظم سندھ دھرتی کے لیے یہ الفاظ کیسے استعمال کرسکتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نہ سندھ چاہیے نہ سندھ کی عوام، اُنہیں صرف سندھ کے جزیرے، گیس اور کوئلہ چاہیے جبکہ ہم اپنے حقوق کی حفاظت کریں گے۔


پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ سیاست کو سیاست دان پر چھوڑنا چاہیے، عوام پر بھروسہ کرنا چاہیے، عوام کے فیصلے کو ماننا پڑے گا۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ ضیاء الحق نے طلبا یونین پر پابندی عائد کی تھی، ہم اپنی جمہوریت کی حفاظت کریں گے، ہم اسلام آباد پہنچ کر اپنا حق چھینیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سندھ کو اس سال این ایف سی سے 200 ارب روپے کم دیےجارہے ہیں، نالائق حکومت مہنگائی کا سونامی لائی ہے، عمران خان نے نیا پاکستان لانے کا وعدہ کیا تھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیا پاکستان مہنگا پاکستان ہے، غریب دشمن حکومت نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے، عمران خان کہتے تھے آئی ایم ایف جانے سے پہلے وہ خودکشی کرلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 3 سال میں تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ لے لیا، وزیراعظم امیروں کو ریلیف اور غریبوں کو تکلیف دے رہے ہیں۔

پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا، حیدرآباد کے عوام بتائیں ایک کروڑ نوکریوں میں سے ایک نوکری بھی ملی ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا، وزیراعظم کی حکومت تجاوزات کے نام پر لاڑکانہ، حیدر آباد سمیت دیگر علاقوں میں لوگوں کے سروں سے چھت چھین رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج بنگلادیش اور افغانستان بھی ہم سے آگے ہیں، ہم نالائق اور نااہل کو نکالیں گے، ہم خطے میں کسی چیز میں آگے ہیں تو وہ مہنگائی ہے، عوام عمران خان کی نالائقی اور کرپشن کا بوجھ اٹھارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ عمران خان کی دورمیں کرپشن بڑھی ہے، کب تک اس کٹھ پتلی کو برداشت کریں گے، کب تک اس قسم کے تجربات برداشت کریں گے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہے اس مقصد کے لیے پی ڈی ایم بنا ہے، نالائق اور نااہل حکمران کو بھگائیں گے، مارچ میں مارچ ہوگا، آپ ہمارے ساتھ جائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کے لیے کراچی سے قافلے لے کرنکلوں گا، پی پی کا بیانیہ ہے کہ ہر ادارے کو اپنا کام کرنا چاہیے۔

تازہ ترین