اسلام آباد (ساجد چوہدری،عاصم یاسین ) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی نے سوشل میڈیا پرسیاسی و سماجی شخصیات کے ناموں سے جعلی اکائونٹس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ کسی ادارے کو نہیں بخشا جا رہا، کمیٹی نے پی ٹی سی ایل کے پنشنرز کی پنشن میں اضافہ کے معاملے پر پی ٹی ای ٹی کے پی ٹی سی ایل کے ڈائریکٹرز کی عدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جمعرات کے اجلاس میں انہیں طلب کر لیا، ایک افسر کو دیگر افسران کے کانوں میں بار بار باتیں کرنے پر کمیٹی روم سے نکال دیا گیا ، کمیٹی نے ایم ڈی پی ٹی ای ٹی کی عدم موجودگی پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ فوری انہیں بلایا جائے جس پر بتایا گیا کہ کورونا کی علامات ہیں جس پر ان کی فوری رپورٹ منگوانے کی ہدایت کر دی گئی، منگل کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس سنیٹر روبینہ خالد کی زیر صدارت ہوا تو ایف آئی اے سائبرکرائمز حکام نے سنیٹر تاج آفریدی کا جی میل اکائونٹ ہیک ہونے کے معاملہ اٹھایا،چیئرپرسن نےایف آئی اے سائبرکرائمز حکام کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیا ، چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) عامر عظیم باجوہ نے بتایا سوشل میڈیا کمپنیز کو اپنے دفاتر بنانے کیلئے نو ماہ کا وقت دیا، وہ مزاحمت کر رہی ہیں ، سنیٹر رحمٰن ملک نے کہا دو چار کیسز میں لوگوں کو لٹکانا چاہئے۔