• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں‘ ن لیگ

کوئٹہ (آن لائن )پاکستان مسلم لیگ(ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر محمد رحیم کاکڑ،جنرل سیکرٹری نسیم الرحمان،آغا عمر شہا،جنرل سیکرٹری کوئٹہ جاوید اقبال،جنرل سیکرٹری پشین میروائس کاکڑ ایڈووکیٹ،طارق محمود ایڈووکیٹ، ارباب اقبال، ذاکر بنگلزئی،آصف حریفال،ضمیر ا ختر،صادق آغااورغلام آغا نے بیان میں کہا ہے کہ ایڈ منسٹریٹر کوئٹہ شہر میں آوارہ کتوں کو فوری تلف کرنے کیلئے احکامات جاری کریں کیونکہ شہر بھر میں کتوں کے غول در غول نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی اور آتے جاتے رہگیروں پر حملہ کردیتے ہیں تو دوسری جانب ہسپتالوں میں ویکسین نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ مسائل کی آماجگاہ بن گیاجس کے حل کیلئے کوئی توجہ نہیں دے رہا۔ شہر بھر میں اکثر اسٹریٹ لائٹس خراب ہونے کی وجہ سے سرشام اندھیرے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کیساتھ اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں بڑھ جاتی ہیںاور جرائم پیشہ افراد شہریوں کو لوٹ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر شہر بھر میں اسٹریٹ لائٹس فعال اور جہاں نہیں ہیں وہاں فوری لگائی جائیں۔انہوں نے بیان میں مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں حکومت کی جانب سے سرکاری کالونی کو گرانے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کیلئے بھرپور آواز بلند کریںاور اس ناروا اقدام کو روکنے کیلئے حکومت پر دبائو ڈالا جائے ۔
تازہ ترین