اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات کیلئے سیاستدانوں کی منڈی لگی ہوئی ہے‘ بلوچستان میں سینیٹ کی ایک سیٹ کا ریٹ 50 سے 70 کروڑ روپے ہے۔
پانچ سال پہلے مجھے خود سینیٹ انتخابات میں پیسے کی آفر ہوئی، پیسہ لگا کر سینیٹر بننے والا پیسہ ہی بنائے گا‘ماضی میں اوپن بیلٹ کا مطالبہ کرنے والے آج اپنے مطالبے سے کیوں پیچھے ہٹ گئے ہیں‘اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن کے کرپٹ نظام کو سپورٹ کر رہی ہیں۔
خفیہ ووٹنگ میں حکومت کو اپوزیشن سے زیادہ سیٹیں مل سکتی ہیں، سینیٹ الیکشن اگر اوپن بیلٹ سے نہ ہوا تو اپوزیشن والے روئیں گے‘ پی ڈی ایم چوری بچانے کے لئے یونین بنی ہوئی ہے۔
ڈالرکی قدربڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہوئی‘ برآمدات بڑھنے سے روپیہ مضبوط اور مہنگائی میں کمی ہو گی‘ہم نے کرکٹ کا بنیادی ڈھانچہ ٹھیک کردیا ہے اور اب قومی ٹیم نمبر ون بنے گی‘مستحق افراد کو اپنے پائوں پہ کھڑا کرنے اور چھوٹے کاروبار کیلئے مدد کریں گے ۔
بدھ کو کلرسیداں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب سیاسی قیادت کو معلوم ہے کہ سینیٹ کے انتخابات میں پیسہ چلتا ہے تو انہوں نےاس کو روکنے کی کوشش کیوں نہیں کی۔ چونکہ وہ خود پیسہ بناتے ہیں اس لئے انہوں نے اس سلسلے میں کچھ نہیں کیا‘یہ جمہوریت کی نفی ہے،یہ چور اپنے آپ کو سیاست دان کہتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہیں کسی ایک نے نہیں کئی لوگوں نے سینیٹ انتخابات میں پیسے کی پیشکش کی اور کہا کہ یہ پیسے آپ شوکت خانم کو دیدیں، مجھے ہی نہیں ہمارے پارلیمانی بورڈ کے ارکان کو بھی پیسے کی بھی پیشکش کی جاتی ہے۔
اس وقت بلوچستان میں سینیٹ کی ایک سیٹ کا ریٹ 50 سے 70 کروڑ روپے ہے اور جب کوئی اتنا پیسہ لگا کر سینیٹر بنے گا تو وہ بلوچستان کی کیا خدمت کرے گا، وہ کوئی حاتم طائی تو نہیں ہے،‘وہ پاکستانی عوام کی کھال اتارے گا اور پاکستان کا خون چوسے گا۔
جب سیاسی قیادت بدعنوان ہو گی تو کیا تھانیدار اور پٹواری ٹھیک ہو جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور میں روپے کی قیمت 25 فیصد کم ہوئی ہے تو مہنگائی میں بھی 25 فیصد کا اضافہ ہوا، جب موجود حکومت برسر اقتدار آئی تو روپے کی قدر میں 24.5 فیصد کی کمی ہوئی‘ تیل مہنگا ہونے سے کرایوں میں اضافہ ہوتا ہے۔
بجلی اور گیس بھی مہنگی ہو جاتی ہے، 70 فیصد دالیں ہم درآمد کرتے ہیں اس وجہ سے ان کی قیمت بڑھتی ہے، اسی طرح گھی بھی مہنگا ہوتا ہے۔برآمدات میں اضافہ شروع ہو جائے تو روپیہ مضبوط ہو گا اور مہنگائی کم ہو گی، برآمدات بڑھ رہی ہیں، ہمارا روپیہ مضبوط ہو گا۔
بارشیں بروقت نہ ہونے سے بارانی علاقوں میں گندم کی پیداوار میں کمی ہوئی جس کی وجہ سے ہمیں گندم درآمد کرنا پڑی ہے۔عمران خان کا کہناتھاکہ بھارت نے اپنا کرکٹ اسٹرکچر ٹھیک کر لیا ہے اور بھارتی ٹیم دنیا کی بہترین ٹیم بنتی جا رہی ہے۔
ہمارے ملک میں ٹیلنٹ زیادہ ہے لیکن جس طرح کی کارکردگی ہمیں دکھانی چاہیے تھی وہ نہیں دکھا سکے‘اب کرکٹ کا بنیادی ڈھانچہ ٹھیک کر لیا گیا ہے‘ انشاء اللہ ہماری ٹیم عالمی معیار کی ٹیم بن جائے گی۔
دریں اثناءعمران خان نے کہا ہے کہ مستحق اور کمزور طبقہ کو مالی معاونت کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، یہ کوئی احسان نہیں، مستحق افراد کو اپنے پائوں پہ کھڑا کرنے اور چھوٹے کاروبار کیلئے مدد کریں گے۔