کراچی(اسٹاف رپورٹر)منگل اور بدھ کی شب بلدیہ مواچھ گوٹھ سیکٹر 5نورانی مسجد کے قریب 3منزلہ عمارت میں واقع فیکٹری میں آگ لگنےسے فیکٹری میں موجود 3افراد جاں بحق ہو گئے ،جن کی لاشیں سول اسپتال منتقل کی گئیں، پولیس کے مطابق جاں بحق ہو نے والوں کی شناخت 21سالہ محمد کاظم، 32سالہ فیاض اور 30 سالہ شیر علی کے نام سےہوئی ہے ، اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر 4فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل کی مدد سے 6گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پرقابو پالیا، چیف فائر افسر محمد منیب کے مطابق جس عمارت میں آگ لگی وہاں اوپر جانے کا ایک ہی راستہ تھااور حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث آگ بجھانے میں شدید دشواری کا سامنا رہا ، لوہے کی کھڑکیاں اندر سے بند تھیں، جبکہ فیکٹریز میں عموماشیشے کی کھڑکیاں لگائی جاتی ہیں،اسنارکل ہائی رائیز بلڈنگ کی آگ بجھانے کیلئے استعمال کی جاتی ہیں، یہ اسنارکل تیسری منزل کیلئے نہیں تھی پھر بھی اس کو استعمال کیا اور آگ بجھائی، چیف فائر آفیسر نے کہا کہ فیکٹری میں لگے پہلے اور دوسرے فلور کے شٹر توڑ کر فائر بریگیڈ کا عملہ بڑی مشکل سے فیکٹری میں اخل ہوا،جبکہ فیکٹری میں ایمرجنسی گیٹ موجود ہی نہیں تھا اور فیکٹری میں داخل ہونے کا ایک ہی راستہ ہے، گلیاں تنگ ہونے کیوجہ سے فائر فائٹر کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑا جبکہ فیکٹری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے کے باوجود فائر بریگیڈ کا عملہ تاخیر سے پہنچا ،جس کی وجہ سے آگ شدت اختیار کرگئی ،ابتدا میں ہم نے خود واٹر ٹینکرمنگوائے۔