جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی سابق صدر، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شدید مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں سابق صدر، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا جنوبی وزیرستان میں افواجِ پاکستان کے 4 جوانوں کی شہادت کے حوالے سے کہنا ہے کہ قوم کو دھرتی ماں کے ایسے بہادر بیٹوں پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ سوات کی طرح جنوبی وزیرستان کو بھی دہشت گردوں سے پاک کیا جائے۔
شریک چیئرمین پی پی پی نے مزید کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل کیا جاتا تو دھرتی دہشت گردوں سے پاک ہو جاتی۔
سابق صدر آصف علی زرداری کا یہ بھی کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف بے نظیر بھٹو شہید کے بیانیئے پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے ایک بیان کے ذریعے جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
سردار عثمان بزدار نے حملے میں شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے 4 جوانوں کو اس قربانی پر خراجِ عقیدت بھی پیش کیا ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے دوران ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے جوانوں میں لانس نائیک عمران علی، سپاہی عاطف جہانگیر، سپاہی عزیز اور سپاہی انیس الرحمٰن شامل ہیں۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔