پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے سینیٹ الیکشن کے لیئے کئی نشستوں پر امیدواروں کے نام فائنل کر لیئے۔
حتمی فہرست میں شبلی فراز، حفیظ شیخ، محسن عزیز، فیصل واؤڈا، دوست محمد، ثانیہ نشتر، سیف اللّٰہ نیازی، ڈاکٹر زرقا، بیرسٹر علی ظفر اور فوزیہ ارشد شامل ہیں۔
وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری اس حوالے سے کہتے ہیں کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے سینیٹ کی زیادہ تر نشستوں پر اپنے امیدواروں کے نام فائنل کر لیئے ہیں، باقی نشستوں پر اعلان بعد میں ہو گا۔
فواد چوہدری نے بتایا ہے کہ خیبر پختون خوا سے شبلی فراز، محسن عزیز، دوست محمد، ثانیہ نشتر اور فرزانہ کا نام حتمی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خیبر پختون خوا میں باقی نشستوں پر اعلان بعد میں ہو گا، سندھ سے فیصل واؤڈا سینیٹ کا الیکشن لڑیں گے۔
وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی نے بتایا کہ ٹیکنو کریٹ نشست پر سیف اللّٰہ ابڑو تحریکِ انصاف کے امیدوار ہوں گے، جبکہ بلوچستان سے عبدالقادر کا نام سینیٹ کے لیے فائنل کیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب سے سیف اللّٰہ نیازی، ڈاکٹر زرقا اور بیرسٹر علی ظفر امیدوار ہوں گے۔
فواد چوہدری نے یہ بھی بتایا کہ اسلام آباد سے عبدالحفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد کے نام تحریکِ انصاف کے امیدوار کے طور پر فائنل کیئے گئے ہیں۔