قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کہتے ہیں کہ سرفراز احمد پاکستان کے نمبر ون وکٹ کیپر ہیں۔
گزشتہ روز محمد حفیظ نے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی تعریف کرتے ہوئے اُنہیں پاکستان کا نمبر ون وکٹ کیپر قرار دیا تھا۔
اس کے بعد سرفراز احمد نے ٹوئٹر پر محمد حفیظ کو مخاطب کرتے ہوئے جواب دیا تھا کہ حفیظ بھائی صاحب پاکستان کے لیے کھیلنے والے تمام کھلاڑی ملک کے لئے نمبر ون رہے اور اسی کے مطابق ان کی عزت کی جاتی ہے۔
اب فاسٹ بولر محمد عامر نے سرفراز احمد کو اُن کی اہمیت اور ٹیم کے لیے دی گئی اُن کی خدمات بتانے کے لیے ٹوئٹر پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
محمد عامر نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ بابو آپ بھی پاکستان کے نمبر ون وکٹ کیپر ہیں، آپ کی کپتانی میں ہم ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ون ٹیم بنے تھے۔
اُنہوں نے کہا کہ سب سے بڑھ کر آپ کی کپتانی میں ہی ہم نے چیمپیئنز ٹرافی جیتی، آپ پاکستان کا فخر ہیں۔
محمد عامر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ لوگوں کا کام ہے ایسے ہی کچھ بھی بول دیتے ہیں، آپ صرف انجوائے کرو۔‘
واضح رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں سنچری بنانے پر محمد حفیظ نے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی تعریف کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ آپ چمکتے ہوئے ستارے ہو، حیرت ہے کہ آپ کو کب تک یہ ثابت کرنے کی ضرورت ہے کہ آپ تمام فارمیٹس میں پاکستان کے نمبر ون وکٹ کیپر بیٹسمین ہو۔
محمد حفیظ کے اس ٹوئٹ پر سرفراز احمد نے کہا تھا کہ حفیظ بھائی پاکستان کے لیے جس نے بھی کھیلا امتیاز احمد، وسیم باری، تسلیم عارف سے لے کر سلیم یوسف اور معین خان، راشد لطیف سے لے کر کامران اکمل اور اب محمد رضوان تک سب پاکستان کے لیے نمبر ون رہے اور اسی کے مطابق ان کی عزت کی جاتی ہے۔