بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا سے متعلق یہ خبر سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے کہ اداکارہ رواں ماہ 15 فروری کو ایک بار پھر سے شادی کے بندھن میں بندھنے جارہی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا ممبئی میں مقیم بزنس مین ویبھوو ریکھی سے شادی کرنے والی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دیا مرزا دو دن بعد یعنی 15 فروری کو شادی کریں گی جبکہ اُن کی شادی کی تقریب میں صرف قریبی دوست اور رشتہ دار ہی شریک ہوں گے۔
دوسری جانب ابھی تک دیا مرزا نے اپنی شادی کی افواہوں کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ دیا مرزا نے کئی سالوں تک دوستی کے رشتے میں رہنے کے بعد 2014 میں ساحل سنگھا سے شادی کی تھی لیکن شادی کے پانچ سال بعد ہی دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔
سال 2019، اگست میں دیا مرزا نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی اور ساحل سنگھا کے درمیان ہونے والی علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔
اُنہوں نے لکھا تھا کہ ’11 سال ساتھ رہنے کے بعد میں نے اور ساحل نے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔‘
اُنہوں نے لکھا تھا کہ ’ہم ہمیشہ دوست رہیں گے ایک دوسرے کی مدد کریں گے لیکن میاں بیوی کی طرح ایک ساتھ نہیں رہیں گے۔‘