• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ الیکشن شیڈول تبدیل، کاغذات کل تک جمع کرانے کی اجازت، تبدیلی PTI کو فائدہ دینے کیلئے کی گئی، پی پی پی، ایسا کچھ نہیں، الیکشن کمیشن

سینیٹ الیکشن شیڈول تبدیل


اسلام آباد،لاہور، کوئٹہ (نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ) الیکشن کمیشن پاکستان نے سینیٹ انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت میں دو دن کا اضافہ کر دیا ، سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن کے اقدام پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ تاریخ میں توسیع کا فیصلہ تحریک انصاف کو فائدہ پہنچانے کیلئے کیا گیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے ایسا کچھ نہیں ہے، نیئر بخاری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ شکوک کو جنم دیتا ہے۔

دوسری طرف سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، شبلی فراز، ثانیہ نشتر، حفیظ شیخ، فوزیہ ارشد، زرقا تیمور، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمٰن، فاروق نائیک، پرویز رشید، مشاہداللہ، کریم خواجہ، عباس آفریدی، فرحت اللہ بابر کے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے گئے ہیں۔

اسلام آباد کی ایک جنرل نشست پر پی ڈی ایم کے امیدوار سید یوسف رضا گیلانی کا مقابلہ تحریک انصاف کے حفیظ شیخ سے ہوگا، ادھر بلوچستان سے تحریک انصاف کے امیدوار عبدالقادر پر صوبائی قیادت کے اعتراض کے بعد وزیراعظم عمران خان نے عبدالقادر کا ٹکٹ ظہور آغا کو دیدیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے شیڈول میں رد و بدل کر دیا۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت میں دو دن کا اضافہ کر دیا گیا جس پر پیپلز پارٹی سمیت سیاسی جماعتوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 15 فروری تک بڑھا دی گئی ہے، نامزد امیدواروں کی فہرست 16 فروری کو جاری ہوگی، کاغذات کی جانچ پڑتال 17 تا 18 فروری کو ہوگی۔

کاغذات پر اپیلیں 20 فروری تک دائر ہوسکیں گی، 23 فروری تک تمام اپیلوں کو نمٹا دیا جائیگا جبکہ 24 فروری کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی، 25 فروری تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ پولنگ 3 مارچ کو ہی ہوگی، امیدواروں سہولیت کیلئے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔ ادھر سینیٹ الیکشن شیڈول تبدیلی پر پیپلزپارٹی نے سوالات اٹھا دیئے، الیکشن کمیشن سے وضاحت کا مطالبہ کر دیا۔ 

نیئر بخاری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ شکوک کو جنم دیتا ہے۔جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو تاریخ میں توسیع دینے سے انکار کیا، پھر شیڈول تبدیل کر دیا، تحریک انصاف امیدواروں کے ٹکٹوں کا حتمی فیصلہ نہیں کر سکی۔

الیکشن کمیشن نے شیڈول تبدیلی سے حکمران جماعت کیلئے سہولت کار بننے کا کردار ادا کیاجبکہ پیپلزپارٹی کی رہنماء شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کے پیپر آرڈر میں نہیں، نہ ٹکٹ صحیح جاری ہوئے ہیں، کوئی ہوم ورک کرکے نہیں آتا یہ نالائق سرکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کچھ لوگوں کے کاغذات نامزدگی نامکمل ہیں تب ہی تاریخ بڑھائی گئی ہے ۔دوسری جانب سینیٹ الیکشن سے قبل ہی پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے پیپلز پارٹی کو بڑی خوشخبری ملی ہے، جہاں ن لیگ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی حمایت کا اعلان کردیا ہے، اعلان سے قبل سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے یوسف رضاگیلانی سےملاقات کی اور انکے تائید کنندہ تھے۔ 

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی قیادت کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے متفقہ امیدوار بنایا۔ ادھرسینیٹ امیدواروں کا کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ 

شبلی فراز، ثانیہ نشتر، حفیظ شیخ، فوزیہ ارشد، زرقا تیمور نے کاغذات جمع کرا دیئے۔ سلیم مانڈوی والا، شیری رحمٰن، فاروق ایچ نائیک اور دیگر جماعتوں کے امیدوارں کے کاغذات نامزدگی بھی جمع ہو گئے۔سیاسی پارٹیاں اپنے اپنے مضبوط امیدوار میدان میں لے آئی۔ 

پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں شبلی فراز اور ثانیہ نشتر نے پشاور جبکہ وزیر خزانہ حفیظ شیخ سینیٹ انتخابات کیلئے اسلام آباد میں واقع الیکشن کمیشن آفس میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے پہنچے، میاں حماد اظہر، اعظم سواتی، راجا خرم نواز اور کارکنان بھی حفیظ شیخ کے ہمراہ تھے۔

پاکستان تحریک انصاف کی فوزیہ ارشد نے کاغذات نامزدگی اسلام آباد اور زرقا تیمور نے لاہور میں جمع کرائے۔ پاکستان تحریک انصاف کے عبدالقادر نے کوئٹہ میں جنرل نشست پر اپنے کاغذات جمع کرائے۔

لاہور میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے امیدوار سینیٹر پرویز رشید بھی کاغذات نامزدگی جمع کرانے پہنچے، سینیٹر مشاہد خان کے کاغذات ان کے صاحبزادے اصفان خان نے جبکہ اعظم نذیر تارڑ نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ 

پیپلزپارٹی کے امیدوار فرحت بابر نے کاغذات نامزدگی پشاور جبکہ جام مہتاب ڈہر، تاج حیدر، شہادت اعوان کے علاوہ ڈاکٹر کریم خواجہ اور رخسانہ شاہ نے اپنے کاغذات نامزدگی کراچی میں جمع کرائے۔ 

ڈاکٹر کریم خواجہ نے ٹیکنو کریٹ اور رخسانہ شاہ نے خواتین کی مخصوص نشست پر کاغذات جمع کرائے۔ سینیٹ انتخابات کیلئے پشاور سے اے این پی کے امیدوار ہدایت خان نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ 

دریں اثناء تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات کیلئے بلوچستان سے امیدوار عبدالقادر سے ٹکٹ واپس لے لیا۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے بتایا کہ بلوچستان سے سینیٹ کا ٹکٹ قادر سے واپس لے لیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے سینیٹ کا ٹکٹ ظہور آغا کو جاری کیا جا رہا ہے، کپتان ہمیشہ اپنے پارٹی ورکر کی آواز سنتا ہے۔ شہباز گل کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی ٹکٹ واپس لینے کی تصدیق کی۔ 

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بلوچستان سے عبدالقادر کو سینیٹ کا ٹکٹ دیے جانے پر پارٹی میں ہی اختلافات شروع ہوگئے تھے۔ پی ٹی آئی نے عبدالقادر کو بلوچستان سے جنرل نشت پر ٹکٹ جاری کیا تھا اور ان ناموں کی منظوری وزیراعظم نے خود دی تھی جس کے بعد آج اعلان کیا گیا تھا۔ 

ادھرالیکشن کمیشن کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق سینیٹ انتخابات کے لئے پورے پاکستان میں 78 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔ 16خواتین کی نشستوں پر ملک بھر سے کاغذات جمع ہوئے۔14 ٹیکنوکریٹس اور علما کی نشستوں پر کاغذات جمع کروائے گئے ۔5 غیر مسلم کی نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔

اسلام آباد سے دو جنرل اور دو خواتین کی نشست پر 4 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔ اب تک پنجاب سے 15،سندھ سے 20 اور خیبرپختونخواہ سے 24 امیدواروں نے کاغذات فائل کیئے۔بلوچستان میں 15 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ 

تازہ ترین