لاہور(نمائندہ جنگ)احتساب عدالت لاہور نے صاف پانی ضمنی ریفرنس میں شہباز شریف کے داماد اور بیٹی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی گئی، صاف پانی ریفرنس میں اشتہارات آویزاں کردیئےگئے،احدچیمہ کے جوڈیشل ریمانڈمیں توسیع کردی گئی، عدالت کے حکم پر دونوں ملزمان کی طلبی کے اشتہارات آویزاں کر دیئے گئے۔احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے صاف پانی کمپنی ضمنی ریفرنس کی سماعتکی۔ دوران سماعت پولیس کے سب انسپکٹر نے رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ رابعہ عمران اور عمران علی یوسف کے اشتہارات آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق احتساب عدالت کے باہر بھی اشتہار آویزاں کر دیئے گئے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ملزمان کے پیش نہ ہونے کو دانستہ غیر حاضری تصور کیا جائے گا، عدم حاضری پر منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ضبط کی جائے گی۔ عدالت نے رپورٹ کو قانون کے مطابق اور تسلی بخش قرار دیا۔