• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خرید و فروخت کے الزام کا مقصد عوامی نمائندوں کو بدنام کرنا، ویڈیو لیک، سارا کھیل پی ٹی آئی کے ذریعے کھیلا جارہا ہے، مراد علی شاہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہےکہ پارلیمنٹیرین کے خلاف ووٹوں کی خرید و فروخت کے الزام کا مقصد عوامی نمائندوں کو بدنام کرنا ہے، صرف یہ تاثر پیدا کرنے کے لئے پرانی ویڈیو لیک کی گئی کہ ووٹ فروخت ہورہے ہیں ،یہ سارا کھیل پی ٹی آئی کے ذریعے کھیلا جارہا ہے کیونکہ انہیں الیکشن ہارنے کا ڈر ہے،بہرحال سینیٹ کے انتخابات خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہونے چاہیے ، پی پی کےتمام امیدوار کامیاب ہونگے، حکمراں جماعت (پی ٹی آئی) کے پارلیمنٹیرین نے پارٹی فیصلوں کے خلاف بغاوت کی ہے کیونکہ انہوں نے سینیٹ انتخابات کے لئے غیر جماعتی ارکان کا انتخاب کیا جس کی وجہ سے وہ بدظن ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پارٹی امیدواروں کے ہمراہ سینیٹ انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعدموقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا، ویڈیو لیک کے بارے میں سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ صرف یہ تاثر پیدا کرنے کے لئے پرانی ویڈیو لیک کررہے ہیں کہ ووٹ فروخت ہورہے ہیں، بہرحال سینیٹ کے انتخابات خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہونے چاہیے اوریہ سارا کھیل ان (پی ٹی آئی) کے ذریعے کھیلا جارہا ہے کیونکہ انہیں الیکشن ہارنے کا ڈر ہے، پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی کے بارے میں سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ ان کی پارٹی کے تمام 11 امیدوار سینیٹ الیکشن میں کامیاب ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بہترین امیدوار کھڑے کیے ہیں اور ان سب نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ۔

تازہ ترین