سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ صوبے میں اب تک 13 ہزار سے زائد منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔
ایک بیان میں وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ مختلف شعبوں میں 9 ہزار 193 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ 367 ارب روپے کی غیر ملکی امداد اور 76 ارب روپے وفاقی پی ایس ڈی پی کے تحت رکھے ہیں۔ ان سے صحت، تعلیم، زراعت، سڑکیں، آبپاشی اور سماجی منصوبوں پر کام جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کے ترقیاتی وژن کا مقصد صرف منصوبوں کا آغاز نہیں ہے بلکہ بر وقت تکمیل، معیار کی سخت پاسداری کو بھی یقینی بنانا ہے۔
پی پی پی رہنما نے کہا کہ کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل ترقیاتی وژن کا لازمی جز ہے۔ کراچی کے ہر ترقیاتی منصوبے کا مقصد شہریوں کی زندگی بہتر بنانا اور شہر کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں سڑکوں، پارکوں، نکاسی، سیوریج اور اسٹریٹ لائٹنگ کے اپ گریڈیشن کام مکمل کیا ہے۔ کراچی نیبرہڈ امپروومنٹ پروجیکٹ سے مکمل منصوبوں سے شہری معیار زندگی میں بہتری آئی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر شہری ماسٹر پلانز پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔