اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سربراہی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے فیصلہ سازوں نے گذشتہ 6سالوں کے دوران عوامی خدمت ،پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کرنے اور بطور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات حکومت اور میڈیا کے درمیان حقیقی معنوں میں پل کا کردار ادا کرنے پر سینیٹر شبلی فراز پر مکمل اعتمادکا اظہار کرتے ہوئے انھیں دوبارہ سینیٹ کا ٹکٹ دیدیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ موروثی سیاست کی حوصلہ شکنی کی اور ہر فورم پر اس کا باقاعدہ اظہار بھی کیا اسی سلسلے میں جب سینٹ کے الیکشن کا وقت آیا تو عمران خان نے مخلص ساتھی شبلی فراز کو سینٹ کے آئندہ الیکشن کے لئے پارٹی ٹکٹ دیا جو حقیقی معنوں محنت اور لگن کے ساتھ پارٹی قیادت کی جانب سے دی جانے والی کسی بھی قسم کی اسائنمنٹ پوری کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے ۔ سینیٹر شبلی فرازکو چھ سال قبل محنتی ہونے کی وجہ سے ٹکٹ ملا اور یہ ٹائٹل ان کا چھ سال بعد بھی برقرار ہے اسکے بعد وزیراعظم عمران خان نے جب انھیں وزارت اطلاعات ونشریات کا قلمدان سونپا تو سینیٹر شبلی فراز اپنے سیاسی کیرئیر کے تجربے کی روشنی میں آگے بڑھنے ،مدلل انداز گفتکو ،تحمل مزاجی سے دوسرے کو سننے کے بعد دلیل کے ساتھ جواب دینے حکومت اور میڈیا کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے ،میڈیا ہاؤسز کے بقایاجات کی مرحلہ وار ادائیگی ، پارٹی اور حکومت کے بہترین ترجمان کے فرائض سرانجام دینے سمیت ہر چیلنج اور مشکل صورتحال کابے باک انداز سے مقابلہ کر کے نہ صرف حکومت اور پارٹی کا دفاع کیا بلکہ اپوزیشن کی ہر کال اور ہر سرگرمی کو بے اثر بنانے کے لئے بروقت اور موثر جواب دیا ۔