• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فنڈنگ کیس دستبرداری پر پارٹی عہدہ کی پیشکش کی گئی، اکبر ایس بابر کا دعویٰ

صوابی،اسلام آباد (نمائندہ جنگ،خبر نگار ) تحریک انصاف کے بانی رہنما اور پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے پٹیشنر اکبر ایس بابر نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ایک معتمد خاص نے رابطہ کرکے پیشکش کی ہے کہ وہ فارن فنڈنگ کیس سے دستبردار ہو جائیں جس کے بدلے انہیں ان کی پسند کا کوئی بھی حکومتی یا پارٹی کا عہدہ دینے کیلئے تیار ہیں، دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے اکبر ایس بابر کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکبر ایس بابر سے کوئی رابطہ کیا گیا اور نہ ہی انہیں کسی عہدے کی پیشکش کی گئی ہے۔ وہ گزشتہ آٹھ سال سے پارٹی کو بلیک میل کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کی پارٹی میں واپسی کا کوئی دروازہ کھلے مگر ایسا ہر گز ممکن نہیں،اکبر ایس بابر کے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ہے ،وہ مسترد شدہ ٹولے کے ایما پر تحریک انصاف کے خلاف سرگرم ہے ، اکبر ایس بابر نے یہ انکشاف انہوں نے اتوار کو ٹوپی، صوابی میں پاکستان تحریک انصاف کے نظریاتی رہنماؤں اور کارکنان کے پہلے مشاورتی اجلاس سے خطاب میں کیا۔ تفصیلات کے مطابق اکبر ایس بابر نے کہا کہ چند ہفتے قبل وزیراعظم عمران خان کے ایک انتہائی قریب شخص نے انہیں ٹیلی فون کیا اور سات منٹ تک گفتگو کی جس میں وزیراعظم کی طرف سے انہیں یہ پیشکش پہنچائی گئی کہ اگر وہ فارن فنڈنگ کیس واپس لے لیں تو بدلے میں انہیں چیئرمین سینیٹ بھی بنایا جاسکتا ہے یا ان کی پسند کا کوئی بھی حکومتی یا پارٹی عہدہ انہیں دینے کیلئے تیار ہیں۔ اکبر نے کہا کہ انہوں نے یہ پیشکش مسترد کردی اور یہ پیغام دیا کہ وہ اپنے کسی ذاتی مفاد یا حکومتی یا پارٹی کے عہدے کیلئے میدان میں نہیں نکلے، انہوں نے کہا کہ آج تحریک انصاف نااہلی، نالائقی، بدعنوانی اور پیسے کے بدلے حکومتی اور پارٹی عہدے بیچنے والی جماعت بن چکی ہے،تبدیلی صرف تحریک انصاف کے رہنماؤں کے بینک اکاؤنٹس میں آئی ہے جبکہ ملک اور عوام کو صرف تباہی ملی ہے، سینٹ کے ٹکٹ کروڑوں روپے میں ان لوگوں کو بیچے جا رہے ہیں جن کا پارٹی اور اس کے نظریے سے کوئی تعلق نہیں، تحریک انصاف سرمایہ داروں کی جماعت بن چکی ہے جس نے اپنا نظریہ چند ٹکوں کی خاطر بیچ دیا ہے۔

تازہ ترین