کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال کیا وزیراعظم کوسینیٹ الیکشن میں ٹکٹوں کے معاملے پر نظرثانی کرنی چاہئے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نےکہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ ٹکٹ دیتے ہوئے ہوم ورک نہیں کیا، وزیراعظم اور کچھ لوگوں کیلئے فیصل واوڈا اتنے اہم ہیں کہ انہیں وفاقی وزیر رکھنے کیلئے سینیٹ کا ٹکٹ دیا گیا۔
حسن نثار نے کہا کہ آئین و قانون میں کسی چالاکی یا موشگافی کی گنجائش ہے تو وزیراعظم کو اسے اپنے کسی لاڈلے کیلئے استعمال کرنے کا پورا حق ہے، ذاتی پسند ناپسند کا معاملہ پہلے بھی تھا اب بھی ہے آئندہ بھی رہے گا،وفاقی کابینہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا کاک ٹیل ہے۔
رسول بخش رئیس کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا میڈیا پر وزیراعظم اور پارٹی کا بھرپور دفاع کرتے ہیں، ہماری جمہوریت میں امیدواروں کی انتخاب نامزدگی سے ہوتا ہے، نامزدگی کا یہ عمل جمہوری طریقہ کار کا مظہر نہیں شخصی فیصلہ ہوتا ہے۔
مظہر عباس نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مثبت بات ہے کہ غلط امیدوار کے چناؤ پر پارٹی میں کھل کر ردعمل آتا ہے، بلوچستان اور سندھ میں سینیٹ امیدواروں کیخلاف پارٹی کے اندر سے ردعمل آیا، وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ ٹکٹ دیتے ہوئے ہوم ورک نہیں کیا،فیصل واوڈا کو سینیٹ کا ٹکٹ دینے کا فیصلہ واپس نہیں ہوا تو دو تین ارکان اسمبلی ووٹ انہیں نہیں دیں گے۔