• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ کیلئے 8ججز کی تقرری، جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس آج ہوگا

سپریم کورٹ کے لیے آٹھ ججوں کی تقرری کے لیے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس آج ہوگا، چیف جسٹس پاکستان اجلاس کی صدارت کریں گے۔

اجلاس میں چاروں ہائی کورٹس سے پانچ پانچ سینئر ججز کے نام پر غور کیا جائے گا۔ 

زرائع کے مطابق سندھ اور اسلام آباد ہائی کورٹ سے دو 2 جبکہ پشاور اور بلوچستان ہائی کورٹ سے ایک ایک جج کو سپریم کورٹ تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔

اجلاس سے قبل سپریم کورٹ کے چار جج جن میں جوڈیشل کمیشن کے دو ارکان جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں نے اجلاس موخر کرنے جبکہ کمیشن کے پی ٹی آئی کے رکن علی ظفر نے بھی اجلاس مشروط طور پر موخر کرنے کے لیے خط تحریر کیا۔

واضح رہے کہ ملک بھر سے وکلا کی چھ نمائندہ تنظیموں نے جوڈیشل کمیشن اجلاس کے خلاف کچھ وکلا کے احتجاج کو مسترد کردیا۔

ان تنظیموں کا کہنا ہے کہ وکلا کے اندر کچھ سیاسی گروپوں نے اپنے مذموم عزائم کی خاطر اور اپنے متنازعہ سیاسی ایجنڈے کے لیے جوڈیشل کمیشن اجلاس کے خلاف احتجاج اور ہڑتال کی اپیل کی ہے، ہم اس اپیل کو سختی سے مسترد کرتے اور اس کی مذمت کرتے ہیں۔

مشترکہ بیان جاری کرنے والوں میں پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، پنجاب بار کونسل، خیبر پختونخوا بار کونسل، بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن شامل ہیں۔

 مشترکہ بیان میں ان تنظیموں نے کہا کہ ہم جوڈیشل کمیشن کی تمام کارروائیوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں، جوڈیشل کمیشن کی ترتیب بہت متوازن ہے، ہم چھبیسویں آئینی ترمیم اور اس کے بعد کی قانون سازی کی حمایت کرتے اور اسے آئین کا حصہ سمجھتے ہیں۔ ان تنظیموں نے کہا ہے کہ ہڑتال کی کال دینے کا حق صرف وکیلوں کی نمائندہ تنظیموں کو ہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید