• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی نے یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی چیلنج کردیے


حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ انتخابات کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کردیا ہے۔

پی ٹی آئی کے فرید رحمٰن نے یوسف رضا گیلانی کے خلاف الیکشن کمیشن کو درخواست دے دی ہے۔

فرید رحمٰن نے درخواست میں کہا کہ سابق وزیراعظم آئین کے آرٹیکل 62 پر پورا نہیں اترتے ہیں۔

پی ٹی آئی کی درخواست میں مزید کہا گیا کہ یوسف رضا گیلانی اچھی شہرت کے حامل نہیں، اس لیے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔


فرید رحمٰن کی دائر درخواست میں کہا گیا کہ یوسف رضا گیلانی نے اپنے کاغذات نامزدگی میں توہین عدالت کیس میں سزا یافتہ ہونے کا ذکر نہیں کیا۔

یوسف رضا گیلانی کا نام پیپلز پارٹی نے بطور اپوزیشن اتحاد کے امیدوار کے تجویز کیا تھا، ان کے کاغذات کی تائید بھی دو سابق وزراء اعظم نے کی ہے۔

سابق وزیراعظم کے تائید کرنے والے راجا پرویز اشرف اور شاہد خاقان عباسی ہیں جبکہ فضل الرحمٰن نے اُن کے حوالے سے کہا تھا کہ ہمیں اُن کے نام پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

سینئر صحافی اور تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے یوسف رضا گیلانی کا اسلام آباد کی سیٹ سے سینیٹ الیکشن لڑنے کے عمل کو وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا ٹیسٹ کیس قرار دیا تھا۔

تازہ ترین