• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احسان ﷲ احسان کے نام سے منسوب جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان ﷲ احسان کے نام سے منسوب جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ملالہ کو دھمکیاں  دیے جانے کے بعد اکاؤنٹ معطل کردیا گیا ہے۔

اب اگر مذکورہ اکاؤنٹ کو کھولا جائے تو اکاؤنٹ معطلی کا پیغام سامنے آتا ہے اور اکاؤنٹ سے تمام تر ٹوئٹس بھی ڈیلیٹ کردیے گئے ہیں۔


خیال رہے کہ گزشتہ روز جعلی اکاؤنٹ سے  ملالہ یوسفزئی کو وطن واپسی پر سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی تھیں، ٹوئٹر پر دھمکی آمیز پیغام موصول ہونے کے بعد ملالہ یوسفزئی نے ٹی ٹی پی کے سابق ترجمان احسان ﷲ احسان کے فرار ہونے سے متعلق سوال اٹھایا تھا۔

جعلی ٹوئٹ کے جواب میں ملالہ یوسفزئی نے لکھا تھا کہ ’یہ تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان ہیں جو میرے اوپر اور دوسرے معصوم لوگوں پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ اب وہ سوشل میڈیا پر لوگوں کو دھمکی دے رہے ہیں۔‘

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل میڈیا کے حوالے سے فوکل پرسن ڈاکٹر ارسلان خالد نے ملالہ کی ٹوئٹ کے جواب میں کہا ہے کہ احسان ﷲ احسان سے منسوب کیا جانے والا اکاؤنٹ جعلی ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میں نے یہ جعلی اکاؤنٹ حکام اور ٹوئٹر کو بھجوا دیا ہے کیونکہ جعلی اکاؤنٹس استعمال کرنے اور نفرت پھیلانے والے ایسے شرپسندوں کو کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر موجود ہونے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔‘

تازہ ترین