• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر شاہد مسعود ہارورڈ یونیورسٹی سے وابستہ، جنگ اور دی نیوز کیلئے حالات پر تبصرہ تحریر کریں گے

کراچی (نیوزڈیسک ) معروف تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود ہاورورڈ یونیورسٹی کے جان ایف کینیڈی اسکول آف گورنمنٹ سے بطور سینئر ایگزیکٹیو فیلو وابستہ ہوگئے ہیں ۔وہ اس برس جنوبی ایشیاءسے منتخب ہونے والی واحد شخصیت ہیں ۔جان ایف کینیڈی اسکول 1932ءمیں ہارورڈیونیورسٹی میں قائم کیاگیاتھاجوکہ 1636ء سےامریکا کی اعلیٰ ترین تعلیمی درسگاہ کے طورپر دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے اورجہاں سے 8امریکی صدر اور 161نوبل انعام یافتہ شخصیات وابستہ رہی ہیں ۔ ڈاکٹر شاہد مسعود جوان دنوں ایک نجی ٹی وی چینل سے وابستہ ہیں ،ایک طویل عرصہ جنگ گروپ اور جیوٹی وی سے وابستہ رہے اور اس دوران انہوں نے فلیچر اسکول آف لاءاینڈ ڈپلومیسی سے بین الاقوامی تعلقات عامہ اور دفاعی امور میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی تھی۔اس برس ہارورڈ یونیورسٹی سے یہ فیلوشپ حاصل کرنے والی شخصیات میں مختلف ممالک کے سینئر دفاعی ماہرین ‘ اعلیٰ عہدوں پر فائز سفارتکاراوربین الاقوامی اداروں سے وابستہ کل 60 شخصیات شامل ہیں جبکہ فیکلٹی میں سابق امریکی نائب سیکریٹری خارجہ اور نیٹو میں سابق امریکی سفیر نکولس برنس ‘ سابق امریکی وزیردفاع ایش کارٹر ‘ سابق ڈپٹی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر میگن سولیون ‘ وائٹ ہاؤس کے سابق ڈائریکٹر ڈیوڈگرگن اور سابق نائب سیکریٹری خارجہ وینڈی شرمن جنہیں بائیڈن انتظامیہ میں نمائندہ خصوصی برائے ایران کے اہم عہدے پر مشرق وسطیٰ میں اہم ذمہ داریاں دی گئی ہیں ،شامل ہیں ۔ڈاکٹرشاہد مسعود جلد روزنامہ جنگ اوردی نیوز کے لئے ملکی اورغیر ملکی حالات پر اپنا تبصرہ تحریر کریں گے ۔

تازہ ترین