پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 6 کا ترانہ’گروو میرا‘ یوٹیوب پر تیز ترین ایک کروڑ ویوز حاصل کرنے کے قریب ہے۔
لیجنڈ گلوکارہ نصیبو لعل، آئمہ بیگ اور ینگ اسٹنرز کا ترانہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مختلف ممالک میں چھایا ہوا ہے، وہیں اب ایک اور اعزاز اپنے نام کرنے والا ہے۔
’گروو میرا‘ کے یوٹیوب پر اس وقت 99 لاکھ سے زائد ویوز پورے کر لیے ہیں ، جلد ہی ترانے کے ایک کروڑ ویوز ہوجائیں گے، جو تیز ترین ایک کروڑ ویوز کا ریکارڈ ہو گا۔
یوٹیوب پر اس وقت ’گروو میرا‘ کے 3 لاکھ 9 ہزار سے زائد لائیکس ہیں تو دوسری جانب ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد لوگ اسے ڈس لائیک کرتے ہیں۔
پی ایس ایل کانیا ترانہ معروف پنجابی گلوکارہ نصیبو لعل، آئمہ بیگ اور ہپ ہاپ بینڈ ’ینگ سٹنرز‘ نے مل کر گایا ہے جبکہ اسے زلفی اور عدنان ڈھول نے کمپوز کیا ہے۔
ترانے کی ویڈیو میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان، کوئٹہ کے سرفراز احمد، لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی، ملتان سلطانز کے شان مسعود اور پشاور زلمی کے وہاب ریاض جلوہ گر ہوئے۔
اس ترانے میں عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے کہ جہاں اسٹیڈیم تو خالی ہیں مگر مداح اپنے گھروں میں ٹی وی اسکرینز کے سامنے بیٹھ کر میچ دیکھتے نظر آتے ہیں۔