قاہرہ(صباح نیوز،پی پی آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مصر کے ساتھ گزشتہ 10سال سے تعطل کا شکار تعلقات ازسر نو بحال ہو گئے ہیں، مارچ میں پاکستان اور مصر کے مابین اعلی سطح کا سیاسی کمیشن مشاورتی اجلاس ہو گا جبکہ اپریل میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف دفاعی تعلقات کو آگے بڑھا نے کیلئے مصر جائیں گے۔مصر کے دورے پر موجود وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ مصر کے صدر عبدالفتح السیسی کے ساتھ بہت اچھی نشست ہوئی، مصری صدر نے پاکستان کے لیے گراں قدر جذبات کا اظہار کیا۔ا نہوں نے کہا کہ صدر عبدالفتح السیسی نے وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں کو سراہا اور گزشتہ 10 سال سے مصر کے ساتھ تعطل کا شکار تعلقات ازسرنو بحال ہو گئے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ مصری صدر نے مسلم امہ سے متعلق اپنے وژن کا اظہار بھی کیا۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مصری ہم منصب سامح شکری سے نشست میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، ملاقات میں ہم نے مشاورت کے ساتھ آئندہ کے لیے ایک جامع روڈ میپ ترتیب دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مارچ میں پاکستان اور مصر کے مابین اعلی سطح کا سیاسی کمیشن مشاورتی اجلاس ہو گا جبکہ اپریل میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف مصر جائیں گے۔