• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی غریبوں کو اٹھانے میں خاصی شہرت رکھتی ہے: خرم شیر زمان

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما خرم شیر زمان کہتے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی غریبوں کو اٹھانے اور پریشان کرنے میں خاصی شہرت رکھتی ہے۔

انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ پولیس کے ذریعے سندھ حکومت نے بہت کچھ غلط کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو بتانا چاہتے ہیں کہ سندھ حکومت پولیس کو استعمال کرتے ہوئے اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہی ہے۔

خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ پولیس کے ذریعے گھروں میں رات میں چھاپے مارے جا رہے ہیں، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی انتقام لینے اور لوگوں پر 2 نمبر کیس کرنے میں مشہور ہے، سندھ میں پولیس کی مدد سے انہوں نے کیا کچھ نہیں کیا۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کے ورکر کو قتل کیا گیا، پی ٹی آئی کے ورکرز کو گھر سے پکڑا جا رہا ہے، ہمارے کچھ ورکرز پر عدالت میں کیس چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے نامعلوم افراد کے نام پر شکایت کی، پھر کسی بھی کارکن کو پکڑ لیتے ہیں، مراد علی شاہ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ اتنا ڈر کیوں ہے؟


خرم شیر زمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کرپشن کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے، مراد علی شاہ کو اس سے مسئلہ ہے، ہمیں سمجھ نہیں آ رہا کہ مراد علی شاہ کیا چاہ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان تحریکِ انصاف کراچی کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، ہمارے پاس سب سے زیادہ اسمبلی ارکان ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ آپ کے ان تمام اقدامات کا ری ایکشن تھر پارکر کے انتخابات پر پڑ رہا ہے، پیپلز پارٹی خود کو مظلوم بنا کر میڈیا کے سامنے پیش کر رہی ہے۔

تازہ ترین