• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے دھاندلی کا منصوبہ بنایا پھر بھی ہار گئی: مریم نواز

مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کہتی ہیں کہ حکومت نے پولیس اور انتظامیہ کے ذریعے دھاندلی کا منصوبہ بنایا پھر بھی بری طرح ہار گئی۔

یہ بات مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ڈسکہ روانگی سے قبل جاتی امراء میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ڈسکہ کے عوام کو سلام پیش کرنے جا رہی ہوں، جو ثبوت سامنے آ رہے ہیں ان سے حکومت کھل کر سامنے آگئی ہے، اب ان لوگوں کو اپنی اسٹینڈنگ کا پتہ چل جانا چاہیئے، پاکستان کے چاروں صوبوں کے عوام نے انہیں بری طرح رد کر دیا ہے۔


مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومت نے ڈسکہ کے انتخابات کے ذریعے بتا دیا کہ 2018ء میں کس طرح ان لوگوں کو عوام پر مسلط کیا گیا تھا، صرف 1 سیٹ کیلئے 2 جانیں گئیں، پریزائڈنگ افسران نے بکنے سے انکار کر دیا، ڈسکہ کے عوام نے جمہوریت کی جنگ لڑی، ووٹ کو عزت دی۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے سارے حربے آزما لیے، یہ لوگ کھل کر سامنے آئے، انہوں نے الیکشن کمیشن کے بندے اغواء کر لیے، ریاستی بد ترین دہشت گردی کے باوجود یہ بری طرح ہارے۔

نائب صدر نون لیگ نے کہا کہ ہر چیز پر قبضہ اور تمام سپورٹ کے باوجود عمران خان ہار گئے، تحریک انصاف والے عوام اور ووٹ کے سامنے فیل ہوتے ہیں، جہاں غنڈہ گردی کی بات ہے وہاں یہ کامیاب ہوتے ہیں۔



انہوں نے مزید کہا کہ سیٹ کی خاطر انہوں نے 2 جانیں لے لیں، اگر پتہ ہوتا یہ جانیں لیں گے تو نون لیگ ایسے ہی سیٹیں دے دیتی، عوام نے ووٹ چور حکومت کے خلاف فیصلہ دیا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صابحزادی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز کو بھی پتہ ہے کہ عمران خان نہ پہلے آ سکے نہ اب آئیں گے، پی ٹی آئی کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔

مریم نواز ڈسکہ میں نون لیگی رہنما نوشین افتخار کے گھر جائیں گی، اس کے علاوہ وہ ضمنی انتخاب کے دوران جاں بحق ہونے والے نوجوان کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت بھی کریں گی۔

تازہ ترین