• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام بالغ افراد کو 31جولائی تک ویکسین لگوانے کی پیشکش کردی جائے گی، بورس جانسن

لندن (سعید نیازی/شہزاد علی) وزیراعظم بورس جانسن نے کہاہے کہ ملک بھر کے بالغ افراد کو 31جولائی تک کورونا ویکسین لگوانے کی پیشکش کر دی جائے گی اس سے قبل یہ ہدف ستمبر میں مکمل ہونا تھا۔ دسمبر میں ویکسی نیشن کے آغاز کی ہدایت اب تک 17ملین سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے تاہم وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ وہ ویکسی نیشن کے پروگرام کو مزید تیز کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جولائی کا ہدف مقرر کرنے سے صحت کے خطرات سے دوچار افراد کو جلد ویکسین لگے گی جس سے لاک ڈائون کی پابندیاں نرم کرنے میں آسانی پیدا ہوگی۔ وزیراعظم نے اتوار کو وزراء کے ساتھ لاک ڈائون میں نرمی کے حوالے سے حتمی میٹنگ بھی کی ۔ بورس جانسن آج پیر کو لاک ڈائون میں نرمی کے روڈ میپ کا اعلان کریں گے۔ جس کا ملک بھر کے عوام بے صبری سے انتظار کر رہےہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اب دو گھرانوں کے افراد کو گھر سے باہر ملنے کی اجازت دی جائے گی اور کیئر ہومز کے رہائشی کسی ایک شخص سے ملاقات کرسکیں گے۔ تاہم اس حوالے سےحتمی اعلان آج کیا جائے گا۔ این ایچ ایس انگلینڈ کے چیف ایگزیکٹو سرسائمن اسٹیونز نے کہا ہے کہ ویکسی نیشن کے پروگرام کے سبب ہسپتال داخل ہونے والے افراد کی تعداد میں کمی کے اشارے ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ حکومت کے ویکسی نیشن کےحوالے سے نئے پروگرام کے مطابق 50برس سے زائد عمر کے افراد اور صحت کے خطرات سے دوچار نوجوانوں کو بھی 15اپریل تک ویکسین لگائی جائے گی۔ لیبر پارٹی نے ویکسی نیشن کے پروگرام کے جلد مکمل کرنے کے منصوبے کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کو ان کی ’’جابس‘‘ کے حوالے سے ترجیجی طور پر ویکسین لگائی جائے گی۔ شیڈو ہیلتھ سیکرٹری جوناتھن ایشورتھ نے کہاکہ پولیس آفسرز، ٹیچرز اور دیگر کی ورکرز جو گھر سے کام نہیں کر سکتے وہ یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ ان کا نمبر کب آئے گا۔ دریں اثنا ہیلتھ سیکرٹری میٹ ہینکاک نے کہا ہے کہ سائوتھ افریقہ اور برازیل کے وائرسز میں کمی واقع ہوئی ہے۔ کنٹکٹ ٹریننگ اور سفری پابندی عائد کئے جانے کے بعد ان وائرس کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو سختی کے ساتھ چیک کیا جا رہا ہے اور کسی بھی نئے وائرس کے ملنے کی صورت میں مقامی لوکل اتھارٹی کے ساتھ مل کر ایکشن لیا جاتا ہے اور گھر گھر جا کر ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لاک ڈائون ختم کرنے کے حوالے سے حکومت محتاط طریقہ اختیار کرے گی جس کے بعد پابندیاں دوبارہ نافذ نہ کرنی پڑیں۔ ایک سوال کے جواب میں میٹ ہینکاک نےکہاکہ کورونا وبا کے دوران ہونے والےمختلف معاہدوں کی تفصیلات تاخیر سے شائع کرنا درست اقدام ہے۔ واضح رہے کہ ایک جج یہ فیصلہ سنا چکے ہیں کہ ہیلتھ سیکرٹری نے معاہدوں کی تفصیلات 30دن میں شائع نہ کر کے اپنی قانونی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی ہے جبکہ میٹ ہینکاک کا کہنا ہے کہ وہ پی پی ای کی دستیابی کیلئے کوشاں ہیں اور جان بچانے والے آلات کی خریداری انکی ترجیح ہے خواہ اس کیلئے کاغذی کارروائی پوری کرنے میں کچھ تاخیر بھی ہوجائے، لیبر لیڈر سرکیئر اسٹارمر نے کہاکہ وہ میٹ ہینکاک سے جج کے فیصلہ کے باوجود مستعفی ہونےکا مطالبہ نہیں کریں گے کیونکہ عوام کو ان دستاویز کو دیکھنے سے کوئی دلچسپی نہیںلیکن ان معاہدوں کی شفافیت اور پیسوں کے ضیاع کے حوالے سے تحفظات موجود ہیں۔

تازہ ترین