پشاور(نمائندہ جنگ) وزیر اعظم عمران خان کو نوشہرہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی شکست اور پارٹی اختلافات کی رپورٹ آج پیش کی جائیگی ، وفاقی وزیر پرویز خٹک اور وزیر اعلیٰ محمود خان عمران خان کو صورت حال سے آگاہ کریں گے، وزیر اعظم گورنر ہاؤس میں گورنر خیبر پختونخوا، وزیر اعلیٰ، صوبائی وزرا اور پارٹی کے منتخب ارکان کیساتھ ملاقات میں خیبرپختو ا میں پی ٹی آئی سینیٹ امیدواروں کو ختمی شکل آج دیں گے ۔ وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورہ پر آج پشاور پہنچ رہے ہیں جہاں انہیں خیبر پختونخوا ضمنی انتخابات پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی ، ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر پرویز خٹک اور وزیر اعلیٰ محمود خان نوشہرہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی ناکامی اور پارٹی کے صوبائی وزیر کی جانب سے مبینہ طور پر لیگی امیدوار کو سپورٹ کرنے سمیت مجموعی صورت حال سے وزیر اعظم کو آگاہ کریں گے، جس کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔