• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کے ڈھائی سال، قوم کو ایک پل کاسکھ نہیں ملا، سراج الحق

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پہلے بل جلاتی تھی اب 22کروڑ عوام کے دل جلا رہی ہے۔پی ٹی آئی کے ڈھائی سالہ دور حکومت میں ملک و قوم کو ایک پل کا سکھ نصیب نہیں ہوا۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 70%اضافہ، آئی ایم ایف کا قرض سب سے بڑامرض ہے ملک میں غذائی اجناس کے ہوتے ہوئے خیر و برکت بھی اٹھ گئی۔ آئی ایم ایف کا قرض ملک اور عوام کے لیے سب سے بڑا مرض بن چکاہے، مغرب کے فنڈ سے چلنے والی این جی اووز مدارس کا امیج خراب کرنے میں دن رات مصروف ہیں۔ حکومت اس بات کا فوری نوٹس لے۔تمام مسائل کا حل اللہ کے نظام کے نفاذ میں موجود ہے۔قوم نے سب کو آزما لیا اب جماعت اسلامی بہترین آپشن ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع احیاء العلوم کی تقریب ختم بخاری سے بلامبٹ تیمرگرہ دیر پائیں میں خطاب کرتے ہوئے کیا،سراج الحق نے کہا کہ مہنگائی کے سونامی نے لوگوں کو رونے پر مجبور کردیاہے،قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافے سے عوام کے ہوش اڑ گئے ہیں۔ نئے پاکستان میں غریب کا مرنا آسان جینا مشکل بنادیا گیاہے،انہوںنے کہاکہ ملک میں آٹا ، شوگر ، لینڈ ، ڈرگ ، چینی ، پیٹرول اور گھی مافیا اپنے عروج پر ہے،مافیاز عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈال چکے ہیں،اڑھائی برسوں میں ملکی و غیر ملکی قرضوں میں بے تحاشا اضافہ ہواہے،امیر جماعت نے کہا کہ پہلے سالانہ بجٹ آتا تھا اب روزانہ بجٹ آتا ہے ۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق اب تک اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 70%اضافہ ہو چکا ہے،سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی 26 فروری کو مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف بہاولپور میں عظیم الشان جلسہ کرے گی۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرے گی اور عوام کو تعلیم ، صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کرے گی اور ملک کو اسلام اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے گی،ا نہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک میںیکساں نظام تعلیم رائج کیا جائے ، عربی زبان کو لازمی مضمون کے طور پڑھایا جائے ، مدارس کے 31 لاکھ طلبہ کے لیے بجٹ مختص کیا جائے۔

تازہ ترین