• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ، لاہور کا دوسرے میچ میں بھی دما دم مست قلندر، حفیظ، فخر نے چھکے چھڑا دیئے

سپر لیگ، لاہور کا دوسرے میچ میں بھی دما دم مست قلندر


کراچی(عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) لاہور نے دوسرے میچ میں دمادم مست قلندر کردیا۔ کمزور بولنگ اور خراب فیلڈنگ کی وجہ سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پاکستان سپر لیگ سکس میں مسلسل دوسری شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ فخر زمان اور محمد حفیظ نے جارحانہ بیٹنگ سے بظاہر مشکل دکھائی دینے والا ہدف آسان کردیا۔ پیر کو نیشنل اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9وکٹ سے شکست دے کرمسلسل دوسرا میچ جیت لیا۔ سرفراز احمد نے شکست کی ذمے داری خراب بولنگ اور ناقص فیلڈنگ کو قرار دیا۔ مسلسل چوتھے میچ میں ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم کامیاب رہی۔ فخر زمان نے82 ناقابل شکست رنز52 گیندوں پر8چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے بنائے۔ حفیظ نے اپنی بھرپور فارم دکھائی وہ73 رنز پر33 گیندوں پر بناکر ناٹ آئوٹ رہے ان کی اننگز میں چھ چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔ فخر اور حفیظ نے دوسرے وکٹ کی پارٹنرشپ میں115رنز 59 گیندوں پر بنائے۔ اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کرس گیل کی پہلی نصف سنچری کی بدولت لاہور قلندرز کے خلاف مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 178 رنز پر بنالیے۔ قلندرز نے ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر دس گیندیں پہلے عبور کر لیا۔ جواب میں لاہور کے اوپنر نےپانچ اوورز میں36 رنز بنائے۔ سہیل اختر26 گیندوں پر21 رنز بناکر زاہد محمود کی گگلی پر بولڈ ہوگئے۔ آخری دس اوورز میں110رنز کی ضرورت تھی۔ محمد حفیظ کا24 رنز پر صائم نے عثمان شنواری کی گیند پر کیچ ڈراپ کیا۔ اگلے اوور میں شنواری نے19رنز دیے۔ بین کٹنگ کے ایک اوور میں20رنز بنے ، حفیظ نے پچاس رنز 24گیندوں پر بنائے۔ فخر زمان کو78رنز پر چانس ملا جب بین کٹنگ نے حسنین کی گیند پر کیچ چھوڑ دیا۔ لاہور قلندرز نے ٹا س جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔12رنز پر دو وکٹ گرنے کے بعد کرس گیل اور کپتان سرفراز احمد کی شراکت میں68 گیندوں پر101رنز بنے۔ کرس گیل نے اپنے مخصوص انداز میں40 گیندوں پر68 رنز بنائے ان کی دھواں دار اننگز میں پانچ فلک شگاف چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔21 اور29 پر سلمان علی آغا نے ان کے دو کیچ ڈراپ کئے۔ سرفراز احمد نے چوتھے نمبر پر کھیلتے ہوئے33گیندوں پر40 رنز پانچ چوکوں کی مدد سے بنائے۔ محمد نواز نے 20 گیندوں پر 33 رنز بنائے ۔ حارث رؤف نے 3وکٹیں حاصل کیں۔ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ٹام بینٹن اور صائم ایوب نے اوپننگ کی، بینٹن صرف 4 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ شاہین شاہ آفریدی نے صائم ایوب کو پویلین بھیج دیا، جنہوں نے 3 رنز بنائے تھے، یوں 12 رنز پر ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دونوں اوپنرز سے محروم ہوگئی۔ سلمان آغا نے ساتویں اوور میں کرس گیل کا ایک آسان کیچ گرا دیا۔ کرس گیل نے پی ایس ایل میں پہلی مرتبہ نصف سنچری مکمل کی احمد دانیال نے گلیڈی ایٹرز کے اعظم خان کو شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ کروایا اور پانچواں نقصان پہنچایا، وہ 9 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد صرف 13 رنز بنا سکے۔ شاہین شاہ نے43رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ محمد حفیظ نے دو اوورز میں گیارہ رنز دیے۔

تازہ ترین