• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ننھی بچی آئینہ وزیر کی بولنگ کا چرچا، زلمی ویمن لیگ میں شامل

—تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا
—تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

خیبر پختون خوا کے ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل شیوا سے تعلق رکھنے والی کم عمر بچی آئینہ وزیر اپنی شاندار فاسٹ بولنگ کے باعث سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔

آئینہ وزیر نے مقامی بچوں کے کرکٹ میچ کے دوران تیز رفتار اور متاثر کن بولنگ کا مظاہرہ کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے پھیل گئی۔

 صارفین نے ان کی صلاحیتوں کو سراہا ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

مقامی کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، تاہم مناسب سہولتیں اور مواقع نہ ہونے کے باعث دیہی اور دور دراز علاقوں کے باصلاحیت کھلاڑی آگے نہیں بڑھ پاتے۔

وائرل ویڈیو دیکھنے کے بعد پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے آئینہ وزیر کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں غیر معمولی باصلاحیت کھلاڑی قرار دیا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ آئینہ وزیر کو آئندہ زلمی ویمن لیگ کا حصہ بنایا جائے گا۔

جاوید آفریدی کا ایکس پر پیغام میں کہنا ہے کہ زلمی ویمن لیگ کا مقصد لڑکیوں کو کھیلنے، اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور دیگر بچیوں کے لیے مثال بننے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

 مزید برآں انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئینہ کو تمام ضروری کرکٹ ساز و سامان اور تربیتی سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔

جاوید آفریدی نے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل بھی کی کہ آئینہ وزیر کی رابطہ معلومات شیئر کی جائیں تاکہ ٹیم براہِ راست ان سے رابطہ کر سکے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید