• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر عائشہ علی کا تقرر قواعد کے مطابق میرٹ پرہوا، KEMUانتظامیہ

لاہور (نمائندہ جنگ) کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی انتظامیہ نےکہا ہے کہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی صاحبزادی ڈاکٹر عائشہ علی کی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر فیٹل میڈیسن بھرتی قواعد وضوابط کے مطابق اور میرٹ پر ہوئی ہے. ڈاکٹر عائشہ علی کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا گیا ہے جو بعد میں مستقل ہو سکتی ہیں. تعیناتی کی سلیکشن بورڈ نے یونیورسٹی سینڈیکٹ سے اجازت لی ہے۔ اس بارے میں ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹی کی تقرری سے کوئی تعلق نہیں، تقرری میرٹ پر ہوئی، اگر سوال کرنا ہے تو کنگ ایڈورڈ کے بورڈ سے کیا جائے۔ کے ای ایم یو کے رجسٹرار ڈاکٹر ریاست علی نے میڈیا میں خبروں پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ زچہ و بچہ میں چار سب سپیشلٹیز قائم کی گئی ہیں ، جن کے لئے یونیورسٹی سینٹ اور سینڈی کیٹ اجلاس کی منظوری کے بعد تعیناتی کا عمل مکمل کیا گیا. فیٹل میڈیسن میں دو درخواست گزار تھے اور میرٹ پر آنے والے امیدوار کو منتخب کیا گیا۔ رجسٹرار کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی نے سینڈی کیٹ کی منظوری اور دیگر قواعد و ضوابط کی کارروائی کو مکمل کرتے ہوئے ڈاکٹر عائشہ اور ڈاکٹر زینب کا عارضی طور پر دوسال کے پروبیشن پیریڈکے ساتھ تقرر کردیا جن کو تسلی بخش کارکردگی پر دو سال کے بعد مستقل کیا جائے گا۔

تازہ ترین