معروف سماجی رہنما اور گلوکار شہزاد رائے نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں بچوں کو جسمانی سزا دینے سے ممانعت کے بل کو حکومت اور اپوزیشن کا مل کر منظور کروانا بہت اچھی بات ہے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے بہت کھلے دل کا مظاہرہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کی کاوشوں سے جسمانی سزا سے بچوں کے تحفظ کا بل منظور ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا معاشرتی رویہ ہے کہ کسی کو ڈسپلن کرنا ہو تو مار پیٹ اور سختی سے پیش آیا جائے۔
سماجی رہنما نے کہا کہ بچے بات نہیں مان رہے ہوں تو ان کے ساتھ کس طرح پیش آنا ہے، اس حوالے سے اساتذہ اور والدین کی تربیت کی ضرورت ہے۔
انھوں نے یہ بھی تجویز دی کہ تمام چینلز کو اس پر پروگرام کرنے چاہئیں، ان کی سماجی تنظیم ایسے تربیتی پروگرام کرنے میں پہل کرے گی۔