• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI نے سیف ﷲ کو سینیٹ ٹکٹ 35کروڑ میں دیا، لیاقت جتوئی

کراچی(جنگ نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما لیاقت جتوئی نے اپنی ہی جماعت پر سینیٹ کا ٹکٹ کروڑوں میں بیچنے کا الزام لگاتے ہوئے کہاہےکہ تحریک انصاف نے سیف اللہ ابڑو کو سینیٹ ٹکٹ 35کروڑ میں دیاجس پر ردعمل دیتے ہوئے سیف اللہ ابڑو نے لیاقت جتوئی کو قانونی نوٹس بھیجتےہوئے کہاکہ الزام عائد کرنے پر معافی مانگیں اور2ارب ہرجانہ دیں۔

تفصیلات کے مطابق لیاقت جتوئی نے دادو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں غلط کو غلط اور اگر کچھ صحیح ہے تو اس کو صحیح کہہ کراس کی مدد ہونی چاہیے، کچھ مخصوص اوربالخصوص گورنر ہاؤس سے کچھ پوچھنا چاہتا ہوں، جب سینیٹ ٹکٹس تقسیم کی جا رہی تھیں تب پارلیمانی بورڈ کیوں نہیں بنایا گیا؟

اصول کے تحت ٹکٹس کی تقسیم کیلئے پارلیمانی بورڈ بنائے جاتے ہیں،لیاقت جتوئی نے الزام عائد کیا کہ سیف اللہ ابڑو کی میں بات نہیں کرنا چاہتا، وہ اس قابل نہیں لیکن آپ نےسوال کیا ہے تو جواب دیتا ہوں۔

سیف اللہ ابڑو کو ٹکٹ 35کروڑ میں دیا گیا ہے اور یہ شخص 6 ماہ پہلے پارٹی میں آیا،سیف اللہ ابڑو کو کونسی میرٹ پر ٹکٹ دیا گیا؟ اُدھر لیاقت جتوئی نے 26 فروری کو ہم خیال سیاسی دوستوں، ہمدردوں اور پارٹی کارکنوں کا اجلاس طلب کرلیا۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا کہ لیاقت جتوئی اپنے دعوے کا ثبوت نہ دے سکے تو ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی،سیف اللہ ابڑو نے اپنے وکیل کے ذریعے لیاقت جتوئی کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔

قانونی نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ لیاقت جتوئی اپنے بیان پر معافی مانگیں اور دو ارب روپے ہرجانہ ادا کریں۔قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ لیاقت جتوئی نے بغیر ثبوت الزامات عائد کیے،لیاقت جتوئی کےالزام سےسیف اللہ ابڑو کو بدنام کرنےکی کوشش کی گئی۔

تازہ ترین