• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی اکاؤنٹس کیس، ایک ملزم نے 21 ارب جمع کرادیئے، پلی بارگیننگ منظور

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں اعتراف جرم پر بلڈر احسان الٰہی کی21ارب روپے کی پلی بارگیننگ منظور کرلی، منگل کو سماعت کے دوران ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی ملزم کیساتھ عدالت پیش ہوئے اور بتایاکہ جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل میں نیب نے اکیس ارب روپے برآمد کر لئے، سرکاری زمینیں ہتھیانے کے ملزم احسان الٰہی کا اعتراف جرم کرلیا،نیب نے کل 562ایکڑ اراضی پلی بارگین سے ریکور کر لی، 2012میں سرکاری حکام پر مشتمل کمیٹی نے غُلام حسین ہلاری اور یوسف ایدھی کو 562 ایکڑ زمین ٹرانسفر کی،بورڈ آف ریونیو کے سیکرٹری شاہزیر شمعون، ڈی سی ملیر قاضی جان محمد، غلام مصطفیٰ پُھل کمیٹی رکن تھے، 29ایکٹر پرائیویٹ زمین سے ملیر بن قاسم میں 562ایکڑ سرکاری زمین کا ایکسچینج کیا گیا،غیر قانونی طور پر ٹرانسفر کی گئی زمین میں 262ایکڑ اراضی پاکستان اسٹیل ملز کی ملکیت تھی، سندھ سرکار نےاسٹیل ملز سے زمین یونیورسٹی اور آئل ٹینکرز کا یارڈ بنانے کے نام پر لی تھی،نہ اُس زمین پر کبھی یونیورسٹی بنی نہ ہی آئل ٹینکرز کا یارڈ بنایا گیا،غلام حسین ہلاری اور یوسف ایدھی نے زمین فرنٹ مین آفتاب پٹھان کے ذریعے احسان الٰہی تک پہنچائی، احسان الٰہی نے اسی زمین پر ہائوسنگ سوسائٹی بنانے کا منصوبہ بنایا، احسان الٰہی نے ڈی جی بلڈنگ کنٹرول منظور قادر کو 35 ملین رشوت دیکر سوسائٹی کی منظوری لی، رشوت اور کِک بیکس کے طور پر لی گئی رقم جعلی اکاؤنٹس میں جمع کروائی گئی،عدالت نے ملزم کی شناخت کے بعد بتایا آپکو معلوم ہے کہ اسکے بعد آپ 10سال کیلئے کسی بھی سرکاری عہدہ اور بنک قرض کیلئے نااہل ہونگے جس سے متعلق اقرار پر عدالت نے ملزم کی پلی بارگیننگ احکامات کی توثیق کردی۔

تازہ ترین