• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دیپیکا کے بعد رنویر سنگھ کو بھی ’پاوری‘ کا نشہ چڑھ گیا

بالی ووڈ اسٹار رنویر سنگھ بھی پاکستانی پاوری گرل دنانیر مبین سے متاثر ہوکر پاوری کرنے لگے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

پاکستانی لڑکی دنانیر کی ویڈیو ’پاوری ہورہی ہے‘ کے سرحد پار بھی خوب چرچے ہو رہے ہیں، جہاں نا صرف عام لوگ بلکہ بھارتی فلم نگری کے اسٹارز بھی اس ویڈیو پر اپنی میمز بناتے نہیں تھک رہے۔

ایسے میں جہاں گزشتہ دنوں بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون ’پاوری‘ بخار میں مبتلا ہوگئی تھیں تو وہیں اب اُن کے شوہر رنویر سنگھ کو بھی پاوری  کا نشہ چڑھ گیا ہے۔

اس ضمن میں سوشل میڈیا پر رنویر سنگھ کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ ہاتھ میں گاجر کا حلوہ لیے پاوری کررہے ہیں۔


وائرل ہونے والی ویڈیو میں رنویر سنگھ پاوری گرل دنانیر مبین سے متاثر ہوتے ہوئے یہ تین جملے کہتے ہیں:

یہ ہمارا گاجر کا حلوہ ہے، یہ ہم ہیں اور یہاں پاوری ہورہی ہے

دوسری جانب پاوری گرل دنانیر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں رنویر سنگھ کی پاوری ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنی بےتہاشہ خوشی کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل دیپیکا پڈوکون نے بھی ’پاوری ہورہی ہے‘ کی ایک پوسٹ سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔


اس پوسٹ میں دیپیکا نے اپنی بچپن کی ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ اپنے کھلونا گھوڑے سے لپٹی ہوئی ہیں۔

پوسٹ کی دلچسپ بات یہ تھی کہ انہوں نے اسے تصویری کہانی کے ذریعے بیان کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک مختصر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک دنانیر نامی نوجوان لڑکی پاکستان کے شمالی علاقے نتھیا گلی میں اپنے دوستوں کے ساتھ موجود تھی اور وہاں اُس نے صرف یہ تین جملے کہے تھے:

یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہاں پاوری ہورہی ہے

دنانیر کا یہ انداز سوشل میڈیا صارفین کو اس قدر بھایا کہ رات و رات اس پر سیکڑوں ویڈیوز بنا ڈالیں اور صرف پاکستان ہی نہیں سرحد کے اُس پار بھارت میں بھی بالی ووڈ اسٹارز پاوری کرنے لگے۔

تازہ ترین