انسانی صحت برقرار رکھنے میں وٹامنز اور منرلز اہم کردار ادا کرتے ہیں جبکہ کچھ وٹامنز صحت سمیت خوبصورتی میں اضافے کے لیے بھی مؤثر ثابت ہوتے ہیں جن میں وٹامن ای کرشماتی فوائد کے ساتھ سر فہر ست ہے۔
طبی و غذائی ماہرین کے مطابق وٹامن ای انسانی صحت کے لیے بنیادی جُز سمجھا جاتا ہے، وٹامن ای ایک کے بجائے کئی فیٹ سلیوبل اور اینٹی آکسیڈنٹ خوصوصیات کا مجموعہ ہے، وٹامن ای جہاں مجموعی صحت میں کردار کرتا ہے وہیں کینسر سے بھی بچاتا ہے۔
وٹامن ای خوبصورتی میں اضافے کے لیے براہ راست چہرے پر لگایا جا سکتا ہے اس کے ساتھ اسے روزانہ استعمال کی جانے والی کاسمیٹک اشیا جیسے کے باڈی لوشن اور کریم میں ملا کر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
مارکیٹ میں با آسانی سستے داموں دستیاب وٹامن ای اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات کا حامل ہونے کے سبب جِلد کے داغ دھبوں اور متعدد بیماریوں کا بہترین علاج ہے۔
وٹامن ای کے استعمال سے حاصل ہونے والے چند فوائد مندرجہ ذیل ہیں جنہیں جان کر آپ بھی اس کا استعمال آج ہی سے شروع کر دیں گے۔
جلد کو موسچرائز کرتا ہے
خشک جلد والوں کے لیے وٹامن ای ایک بہترین موسچرائزر ہے، وٹامن ای کا استعمال کریم یا لوشن میں ملا کر استعمال کیا جا سکتا ہے، رات سونے سے قبل اس وٹامن کے کیپسول سے آئل نکال کر چہرے پر مساج کرنے سے جھریوں، داغ دھبوں اور ایکنی کا دنوں میں خاتمہ ممکن ہوتا ہے۔
وٹامن ای کا استعمال کسی بھی دستیاب تیل میں ملا کر بالوں میں لگانے سے بال گھنے اور ملائم ہوتے ہیں اور بالوں کی گرنے کی رفتار کم ہو جاتی ہے۔
زخموں کو جَلد بھرنے کے لیے اٹامن ای کا استعمال
سائنسی ریسرچ کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ زخم پر وٹامن ای کے استعمال سے زخم جَلد بھر جاتا ہے اور نشان بھی نہیں چھوڑتا۔
جِلدی بیماری ’ایکزیما‘ میں مفید
وٹامن ای کا براہ راست استعمال جِلدی خُشکی، خارش اور جِلد پر بننے والے دَدوڑوں کا خاتمہ کرتا ہے، وٹامن ای اسکن موسچرائز کر کے اسے نرم اور صحت مند بناتا ہے۔
جُھلسی ہوئی اسکن کا علاج
وٹامن ای سورج کی شعاؤں سے جھلس جانے والی جِلد کا بہترین علاج ہے، سورج کا براہ راست سامنا جِلدی کینسر کا سبب بنتا اور جِلد کو جھلسا کر کالا بھی کر دیتا ہے، ان اثرات سے بچنے کے لیے وٹامن کا استعمال براہ راست پاؤں، بازوؤں، گردن اور چہرے پر کیا جا سکتا ہے۔
ناخنوں کی صحت میں معاون
کمزور، پتلے اور ٹوٹتے ناخنوں سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر وٹامن ای کا استعمال لازمی کرنا چاہیے، وٹامن ای ناخنوں کی بیماری ’ییلو نیل سینڈروم‘ سے بھی نجات کا باعث بنتا ہے، وٹامن ای کے بطور سپلیمنٹس استعمال سے ناخنوں، بالوں اور جِلد کی صحت بہتر ہوتی ہے۔
وٹامن ای کا استعمال کیسے کیا جائے ؟
وٹامن ای کا استعمال ہر انسان پر مختلف طریقے سے اثر انداز ہو سکتا ہے، وٹامن ای کے استعمال سے قبل اپنی جِلد پر اسے ٹیسٹ ضرور کر لیں۔
وٹامن ای کا کیپسول سوئی کی مدد سے پھوڑیں اور اس میں سے وٹامن ای کا تیل نکال کر اپنے بازوؤں پر ایک انچ کے حصے پر لگائیں۔
اس کے بعد آنے والے 24 سے 48 گھنٹوں تک کا انتظار کریں، جلد پر اگر کسی قسم کا ری ایکشن نہ ہو تو اس کا استعمال براہ راست جاری رکھیں، اگر اس ٹیسٹ کے دوران جِلد پر خارش، انفیکشن یا ری ایکشن ہو تو وٹامن کا استعمال ہر گز نہ کریں۔