• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا میں نے ایوان خرید ا تھا جو مجھے ووٹ ملا: یوسف رضا گیلانی


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ایوان مجھے پہلے بھی اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دے چکا ہے، کیا میں نے پورے ایوان کو خرید لیا تھا؟

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے احتساب عدالت میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر، مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز دونوں سے ملاقات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ہمیشہ پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے کام کیا، میں وزیرِ اعظم اور شہباز شریف وزیرِ اعلیٰ پنجاب تھے تو ہمارے درمیان بہترین تعلقاتِ کار رہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مسلم لیگ نون اور پی ڈی ایم کا شکر گزار ہوں کہ مجھے سینیٹ کے لیے متفقہ امیدوار بنایا گیا، پی ڈی ایم حقیقت ہے۔


انہوں نے کہا کہ ہم نے ضمنی الیکشن میں بہترین نتائج دیئے، زندگی اسمبلی میں گزاری، وزیرِ اعظم رہا، اسپیکر بھی رہا، آئین کے مطابق ہی چلنا چاہیئے۔

سابق وزیرِ اعظم کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ آئین میں تبدیلی لائی جائے، غیر آئینی اقدام جمہوریت کیلئے خطرہ ہو گا، سینیٹ الیکشن کیلئے آئین میں باقاعدہ طریقہ وضع کیا گیا ہے۔

تازہ ترین