• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کے دوران جاپان کیلئے پاکستانی برآمدات میں 10.66 فیصد کمی

ٹوکیو ( عرفان صدیقی/نمائندہ خصوصی) کورونا وباء کے دوران جہاں دنیا بھر کیلئے پاکستانی برآمدات میں اضافہ دیکھا گیا ہے وہیں جاپان کیلئے پاکستانی برآمدات میں 10.66فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔گزشتہ سال کے آخری چھ ماہ میں امریکا کیلئے پاکستانی برآمدات میں 10.9فیصد، چین کیلئے برآمدات میں 41 فیصد، برطانیہ کیلئے 10.79 فیصد جبکہ افغانستان کیلئے پاکستانی برامدات میں 17.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ جاپان اہم عالمی معیشتوں میں واحد ملک ہے جس کیلئے پاکستانی برآمدات میں دس فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال جولائی سے دسمبرکے چھ ماہ کے دوران جاپان کیلئے پاکستانی برآمدات 89 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ سال (2019-20) کے ان ہی چھ مہینوں میں پاکستان کی جاپان کو کی جانے والی برآمدات کا حجم 99.64 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ سال کورونا کی وباء میں جاپان کو پاکستانی برامدات میں دس اعشاریہ چھ فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے پڑوسی ممالک جن میں بھارت سر فہرست ہے کی جانب سے جاپان کو کی جانیوالی برآمدات کا حجم پانچ ارب ڈالر سے تجاوز کرچکا ہے جبکہ بنگلہ دیش کی جاپان کیلئے برآمدات کا حجم ڈیڑھ ارب ڈالر سے تجاوز کرچکا ہے جبکہ پاکستان کی جانب سے جاپان کیلئے برآمدات کا حجم صرف تین سو ملین ڈالر تک ہی محدود ہے جس سے پاکستانی سرکاری حکام اور برآمد کنندگان کی جاپان جیسی بڑی مارکیٹ کیلئے غیر سنجیدگی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔

تازہ ترین