لندن(پی اے )انگلینڈ میں طلبہ کا تعلیمی نقصان پورا کرنے کیلئے اسکولوں نے سمر کیچ اپ پلان تیار کرلیاہے جس کے تحت سمر اسکولوں میں طلبہ کو اساتذہ سے براہ راست تعلی حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔اس مقصد کیلئے اضافی 420ملین پونڈ کا فنڈ فراہم کرنے کا اعلان کیاگیا ہے جبکہ جنوری میں کیچ اپ پراجیکٹس کیلئے 300ملین پونڈ دینے کاپہلے ہی اعلان کیاجاچکاہے۔وزیر اعظم بورس جانسن نے کہاہے کہ اس رقم سے اس بات کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی کہ کوئی بھی بچہ کورونا کی وجہ سے تعلیم میں پیچھے نہ رہے۔اساتذہ اورطلبہ نے اس اعلان کاخیرمقدم کیاہے۔ وزیر اعظم نے اپنے اعلان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ تمام اسکول 8 مارچ کو کھول دئے جائیں گے۔تاہم ہیڈ ٹیچرز نے موسم گرما میں اسکولوں میں تدریسی اوقات میں اضافے کی مخالفت کرتے ہوئے کہاہے کہ اس سے اساتذہ اور طلبہ پر مزید بوجھ بڑھ جائے گا ۔وزیراعظم بورس جانسن نے لاک ڈائون کے دوران ہوم اسکولنگ کے حوالے سے اساتذہ اور والدین کے کردار کی تعریف کی تاہم کہا کہ کلاس روم ہی بچوں کیلئےبہترین جگہ ہوتے ہیں ۔وزیر تعلیم گیون ولیم سن نے بتایا کہ وزیر اعظم کے اعلان کردہ اس فنڈ سے ہر پرائمری اسکول کو اوسطاً اضافی 6,000پونڈ اورسیکنڈری اسکولوں کو اوسطاً 22,000 پونڈ ملیں گے،بی بی سی سے باتیں کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اب اس بات کاانحصار ہیڈ ٹیچرز پر ہوگا کہ وہ اس رقم کو کس طرح استعمال کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ یہ رقم تدریس کیلئے اضافی وقت دینے والے اساتذہ کو اوورٹائم کی مد میں بھی دی جاسکتی ہے۔انھوں نے کہا کہ سیکنڈری اسکول کے طلبہ پر ماسک پہننے پر پابندی پر ایسٹر کے بعد نظر ثانی کی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ ابھی ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ ایسٹر کی تعطیل میں معاملات مثبت رہتے ہیں یا نہیں۔جس کے بعد پبلک ہیلتھ یہ پابندی برقرار رکھنے یا اسے ختم کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرے گا تاہم انھوں نے اس بات کااشارہ دیا کہ یہ پابندی 21جون تک برقرار رہ سکتی ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت طلبہ کیلئے مختلف آپشنز پر غور کررہی ہے جس میں اسکولوں کے اوقات کار میں اضافہ کرنا اور موسم گرما کی تعطیلات کو مختصر کرنا شامل ہے لیکن ابھی تک اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔اس سال امتحانات منسوخ کرنے کااعلان کیاجاچکاہے لیکن ولیم سن کا کہناہے کہ اگلے چند روز میں بتایاجائے گا کہ گریڈ کاتعین کس طرح کیا جائے گا ،تعلیم سے متعلق لیبر کی شیڈو وزیر کیٹ گرین نے تعلیم کے نقصان کی تکمیل کیلئے اعلان کردہ فنڈ کو ناکافی قرار دیاہے ،انھوں نے وزیر اعظم کی جانب سے اسکول کھولنے کے اعلان کے ساتھ بچوں کی ذہنی صحت کے بارے میں کوئی اعلان نہ کئے جانے پر بھی تنقید کی ہے۔انھوں نے کہا کہ کورونا سے ہونے والے نقصان کی تکمیل کیلئے اس کی ضرورت تھی ،لیبر پارٹی کا کہناہے کہ یہ رقم گزشتہ سال اعلان کردہ Eat Out to Help Out scheme پر خرچ کئے گئے 840 پونڈسے بھی کم ہے،لیبر کاکہناہے کہ اگر یہ رقم طلبہ کی تعداد کے اعتبار سے تقسیم کی جائے تو ایک طالب عمل کےحصے میں بمشکل 43 پنس آئیں گے۔ اسکولوں کے سربراہوں نے اس اسکیم کا خیرمقدم کیاہے لیکن ہیڈ ٹیچرز کا کہنا ہے کہ سمر اسکولوں کی اپنی جگہ اہمیت ہے لیکن بچوں پر بہت زیادہ بوجھ نہیں ڈالا جانا چاہئے۔تعلیمی چیریٹی سٹن ٹرسٹ کے بانی چیئر مین پیٹر لیمپل نے اس پیکیج کو ایک اچھی ابتدا قرار دیا ہے اور کہاہے کہ یہ اچھی بات ہے کہ فنڈ کے استعمال کو اسکولوں کی صوابدید پر چھوڑ دیاگیاہے۔اسکاٹ لینڈ کی انتظامیہ نے پسماندہ اور کم وسیلہ بچوں کی مدد کیلئے 127 ملین پونڈ فراہم کرنے کا اعلان کیاہے جبکہ ویلز اور شمالی آئرلینڈ میں بھی طلبہ کیلئے کیچ اپ اسکیموں کا اعلان کیاگیاہے۔