راچڈیل (نمائندہ جنگ)اے پی ایل برطانیہ کے صدر بیرسٹر امجد ملک نے الیکشن کمیشن پاکستان کی طرف سے این اے 75ڈسکہ میں دوبارہ الیکشن کرانے کے احکامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے ووٹ کو عزت دو کے نعرے کے ذریعے عمران خان کو ان ہی کی وکٹ پر کلین بولڈ کیا ہے، این اے 75ڈسکہ اصل میں جنرل الیکشن 2018 کی بیماری کی تشخیص ہے اور دوبارہ الیکشن اور نتیجہ اس کے علاج کی طرف پیش قدمی ہوگا، یہ الیکشن پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری عمل کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ اب مارچ سے پہلے مارچ کا ماحول بن گیا ہے ،یہ مسلم لیگ اور پی ڈی ایم کی گلاس توڑے بغیر بڑی کامیابی ہے، لانگ مارچ سے پہلے ہی پاکستان میں ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ راج کررہا ہوگا۔