لاہور(ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ شکر الحمدللہ ڈسکہ کے عوام کا حق ان کو واپس مل گیا،جعلی صادق و امین کو ووٹ چور کی سند جاری ہو گئی‘فیصلے سے الیکشن کمیشن کی ساکھ میں اضافہ ہوا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ آج حکومت پر عدم اعتماد ہو گیا اور الیکشن کمیشن نے تاریخی فیصلہ سنایا‘ مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ ڈسکہ میں الیکشن کمیشن نے حق کا ساتھ دیا ‘ آج جمہوریت کے لیے ایک بڑی فتح ہے۔
پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر حسین بخاری نے کا کہنا ہے کہ سرکاری سرپرستی میں دھاندلی ثابت ہوگئی‘ وزیراعظم اور وزیراعلی کو مستعفی ہوجانا چاہئے ‘الیکشن چرانے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ‘ووٹ چور حکمرانوں کے خلاف ووٹ چوری ثابت ہو گئی ہے۔
قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب شیرپائونے کہاکہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سےشفاف اور منصفانہ انتخابات کیلئے راہ ہموار ہو گی‘دھاندلی کرنے والوں کو کٹہرے میں لایا جائے ‘سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق کا کہنا ہے کہ فیصلے سے الیکشن کمیشن کے احترام میں اضافہ ہوا ہے۔