• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس لاپتا افراد کے معاملے کو سنجیدہ لے، سندھ ہائی کورٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے لاپتا افراد کی بازیابی کے لئے ہر ماہ جے آئی ٹی اور پی ٹی ایف کا اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے اور پولیس کو کہا ہے کہ لاپتا افراد کے معاملے کو سنجیدہ لیں جبکہ آئندہ سماعت پر سیکریٹری داخلہ کو بھی طلب کرلیا۔جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سر براہی میں جسٹس عبدالمبین لاکھو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی ۔ دوران سماعت لاپتا باپ بیٹے کی عدم بازیابی پر عدالت نے آئی جی سندھ اور دیگر پربرہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ لاپتا افراد کا معاملہ سنگین ہے، کئی لاپتا افراد سے متعلق جے آئی ٹی رپورٹس پر دستخط ہی نہیں کرتے، جب ان کو طلب کیا جاتا ہے تب دستخط کئے جاتے ہیں۔ عدالت نے آئی جی سندھ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایک سینئر افسر ہیں اس معاملے کو دیکھنا چاہئے۔ آئی جی سندھ کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ میں نے پولیس افسر کو کہہ دیا ہے کوئی اور ادارہ دستخط نہیں بھی کرتا تو یہ دستخط کردیا کریں، لاپتا امین اور الیاس کی ذاتی دشمنیوں کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے، ہم ہر سطح پر لاپتا افراد کے مسئلے کو دیکھ رہے ہیں۔

تازہ ترین